چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی لالیاں میں میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس میں شرکت و خطاب
منہاج القران انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے لالیاں میں عظیم الشان میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ میلاد کانفرنس میں علماء و مشائخ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب علیہ الصلوۃ والسلام کو ظاہر و باطن دونوں حوالوں سے بے مثل اور بے مثال بنایا۔ نہ آقا ﷺ کے ظاہر جیسا کسی کا ظاہر ہوسکتا ہے، نہ آقا ﷺ کے باطن جیسا کسی کا باطن ہوسکتا ہے۔ نہ حُسنِ خِلقتِ مصطفیٰ ﷺ اور نہ ہی حُسنِ خُلقِ مصطفیٰ کا کوئی ثانی ہے۔ آقا علیہ الصلوۃ والسلام نبی آخر الزماں کی حیثیت سے جمیع انبیاء کرام کی جملہ صفات کا مرقع اور منتہائے کمال ہیں اور ان کی جمیع جہات کا ایک جامع پیکرِ دلربا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے سیدنا آدم علیہ السلام سے لیکر سیدنا عیسیٰ علیہ السلام تک جمیع انبیاء کرام علیہم السلام میں سے ہر نبی کو اپنے حسن، کمال اور صفات کا ایک ایک پرتو عطاء کیا مگر جب آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بعثت کی باری آئی تو اللہ رب العزت نے جمیع انبیاء کے جمیع محاسن، خصلتوں، خوبیوں، اخلاق، انوار و تجلیات جمع کرکے آپ ﷺ کی ہستی میں مجتمع کردیے۔ فرمایا میرے حسن کو بکھرا ہوا دیکھنا چاہتے ہو تو جمیع انبیاء کے حسن کو پڑھ لو، اور اگر میری بارگاہ کے حسن کو کسی ایک پیکرِ دلربا میں مجتمع دیکھنا چاہتے ہو تو میرے محبوب کو دیکھ لو۔
چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ آج کی اس میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس اور تحریک منہاج
القرآن کا پیغام یہ ہے کہ آپ کی زندگیاں انسانیت کے لیے نفع بخش بن جائیں، آپ لوگوں
کی ذات، ذاتِ مصطفیٰ ﷺ کی آئینہ دار بن جائے، آپ لوگوں کے اخلاق، کردار، اعمال اور
افعال میں سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کی جھلک نظر آئے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے عظیم الشان میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کے انعقاد اور شاندار انتظامات
پر تحریک منہاج القرآن لالیاں اور اس کے جملہ فورمز کو خصوصی مُبارکباد دی۔
کانفرنس میں صاحبزادہ سید شاہ حسین، رانا محمد ادریس قادری، حاجی حماد رضا لالی، امجد تقی قادری، علامہ حفیظ احمد قادری، رانا نعیم عبداللہ، چودھری عبد المقیت لیرا، میاں محمد امجد منیر، علامہ اللہ بخش قادری، چودھری انوار اللہ لیرا، چودھری نور محمد، ابرار الحسن، رب نواز سیال، غلام مرتضیٰ جپہ، چودھری ریاست علی چدھڑ، ملک نور محمد قادری، چودھری نذر فراز سمیت لالیاں، چنیوٹ، سرگودھا، بھوانہ، سلانوالی، جھنگ اور اکڑیانوالہ سے تحریک منہاج القران کے قائدین و کارکنان، عشاقانِ مصطفیٰ ﷺ (مرد و خواتین) نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ