آئی ٹی میں ماہر نوجوان ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں: میاں انصر محمود
نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے میں ہی ترقی ہے: جنرل سیکرٹری ایم ایس ایم
ٹیکنالوجی اور جدت سے ہم آہنگی پیدا کرکے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے
ملک کی تعمیر و ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار کے عنوان سے منعقدہ سمینار سے مقررین کا خطاب
لاہور (10 دسمبر 2023ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ آئی ٹی کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ”ملک کی تعمیر و ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار“ کے عنوان سے سمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی ٹی ایکسپرٹس نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر نوجوان ہی ملک کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مقررین نے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر بھی ذور دیا تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے اچھے وسائل کما سکیں بلکہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکیں۔
سمینار کے مہمان خصوصی جنرل سیکرٹری مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میاں انصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسکولوں، کالجوں میں آئی ٹی کو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو کیئر کونسلنگ کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے میں ہی ہماری ترقی ہے۔ ہر اداے کو آئی ٹی کے حوالے سے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور جدت سے ہم آہنگی پیدا کرکے ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو مہارت اور ہنر مندی سے آراستہ کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آئی ٹی کونسل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلحہ میر نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بھی ملک معیشت کے مختلف شعبوں میں جدت اور سرمایہ کاری لائے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ نوجوان اپنے زمانہ طالبعلمی میں ہی علوم وفنون میں مہارت حاصل کرنا چاہیے۔ سائنسی و فنی علوم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایکسپرٹ کے ذریعے ملک کی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
سمینار سے حسن محی الدین، احمد حسن جٹ، عمرا سحاق، سعد امین، طلحہ جامی، عمر قریشی، محسن اقبال سمیت دیگر طلبہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ