قومی یکجہتی کے فروغ میں دینی مدارس کا کردار اہم ہے: میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام قمر

مدارس دینیہ کے فارغ التحصیل طلبہ کے لئے فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرینگے
ڈی جی ریلیجس ایجوکیشن کا نظام المدارس پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ کا تفصیلی دورہ

Major Dr Ghulam Qamar visit Nizam ul Madaris Pakistan

ڈائریکٹر جنرل ریلیجس ایجوکیشن میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام قمر نے نظام المدارس پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ پہنچنے پر ڈپٹی چیئرمین نظام المدارس پاکستان خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمد فاروق رانا، علامہ اشتیاق چشتی، ساجد برہانی، نوراللہ صدیقی نے ان کا استقبال کیا۔ ڈائریکٹر رجسٹریشن ریلیجس ایجوکیشن فیصل شیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام قمر نے نظام المدارس پاکستان کے شعبہ امتحانات، ای لرننگ، منہاج ٹی وی، پروڈکشن ہاؤس اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں نظام المدارس پاکستان اور منہاج القرآن کے زیراہتمام کام کرنے والے تعلیمی ادارہ جات کی ڈاکومنٹریز دکھائی گئیں۔

ڈی جی ریلیجس ایجوکیشن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ میں دینی مدارس کا کردار اہم ہے، مدارس دینیہ کے فارغ التحصیل طلبہ کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے گا، انہیں فنی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کئے لئے روزگار کے باعزت مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے اتحاد اُمت کے لئے ”لاتفرقو“ کا جو پیغام دیا ہے اُس پر عمل کرنے میں ہی ہماری بقا اور استحکام ہے۔ مدارس دینیہ کے تعاون سے اتحاد و یکجہتی اور امن و رواداری کے عظیم دینی، ملی و قومی اہداف حاصل کریں گے۔

خرم نواز گنڈاپور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور نگرانی میں نظام المدارس پاکستان نے مختصر وقت میں نہ صرف 272 سال پرانے نصاب پر نظر ثانی کی ہے بلکہ یہ اصلاح شدہ نیا نصاب پرنٹ کروا کر نظام المدارس کے زیرانتظام چلنے والے تمام مدارس کو فراہم بھی کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نصاب میں انتہا پسندی کے خاتمہ، فروغ امن و برداشت اور بین المذاہب رواداری اور اتحاد و یکجہتی کی مصطفوی تعلیمات کو مرکزیت حاصل ہے۔

ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے نصاب میں ادیان کا تقابلی جائزہ بطور ایک مضمون پڑھایا جارہا ہے اور ہمارا امتحانی نظام آن لائن اور سنٹرلائزڈ ہے۔ ہم بیک وقت تمام شہروں میں ہونے والے امتحانات کی آن لائن مانیٹرنگ کرتے ہیں، پرچہ جات کی تیاری اور اُن کی امتحانی سنٹرز تک فول پروف فراہمی کو بھی ایک موثر مانیٹرنگ نظام کے تحت یقینی بنایا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ریلیجس ایجوکیشن میجر جنرل(ر) ڈاکٹر غلام قمر نے فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے دورہ کے موقع پر انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قرآنک انسائیکلوپیڈیا اور فروغ امن کے لئے تحریر کی گئیں کتب کو سراہا۔ ڈی جی ریلیجس ایجوکیشن نے جامع شیخ الاسلام کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے مسجد کے حسن تعمیر اور فنی نفاست کی تعریف کی۔

اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے ڈی جی ریلیجس ایجوکیشن کو 26 جنوری 2024ء کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور“کے موضوع پر ہونے والی تقریب رونمائی میں شرکت کی دعوت دی۔ خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ مذکورہ کتاب بیک وقت عربی، انگریزی اور اردو زبانوں میں شائع ہورہی ہے۔

Major Dr Ghulam Qamar visit Nizam ul Madaris Pakistan

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top