سادہ غذا اور کم خوری سنت مصطفیٰ ہے، علامہ عین الحق بغدادی

کم خوری اللہ کے بندوں کی غذا اور بسیار خوری شیطان کا خطرناک ہتھیار ہے
اسلام میں روحانی و جسمانی صحت کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے، جامع شیخ الاسلام میں خطاب

Allama Ain ul Haq Bahdadi

لاہور (29 دسمبر2023ء) جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے علامہ عین الحق بغدادی نے بسیار خوری کے روحانی و طبی نقصانات کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اس نے زندگی کے ہر شعبہ میں کامل اور مفید راہنمائی مہیا کی ہے۔ اسلام نے صحت عامہ اور مسلمانوں کی روحانی و جسمانی صحت کا بھی بھرپور خیال رکھا ہے اور اس کے لیے ایک مکمل غذائی شعور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے عمر بھر سادہ غذا استعمال فرمائی اور کبھی پیٹ بھر کر کھانا تناول نہیں فرمایا کم خوری سنت مصطفیٰ بھی ہے اور اچھی صحت کی ضامن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھوک اللہ کے بندوں کی غذا اور بسیار خوری شیطان کا خطرناک ہتھیار ہے۔ اللہ کے نبی ﷺ نے 14 سو سال قبل کم خوری کے جو فوائد ارشاد فرمائے تھے جدید میڈیکل سائنس نے اس پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔ پاکستان میں کولیسٹرول، بلڈ پریشر، ذیابیطس اور امراض قلب عام ہیں اور امراض کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ مرغن غذائیں اور بسیار خوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی تعلیمات میں سستی اور کاہلی سے نجات کے لئے دعا مانگنے کا حکم دیا گیا ہے بسیار خوری انسان کو سست، کاہل اور غافل بناتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزے کے جسمانی و روحانی فیوض و برکات سے کون انکار کر سکتا ہے،عام مسلمان روزے رکھتا ہے اور وہ جان لیتا ہے روزہ کے ساتھ انسان پہلے سے زیادہ متحرک اور صحت مند ہو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان اسلامی تعلیمات کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھیں کامیاب اور صحت مند زندگی کے تمام فکری و اصلاحی لوازمات قرآن و سنت میں موجود ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top