منہاج یونیورسٹی کے حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام میڈیا ہوسٹنگ ورکشاپ

ڈاکٹر فخر الحق نوری، مفتی رمضان سیالوی، ہارون رفیق، ڈاکٹر سرور نقشبندی کا خطاب

Media Hosting Workshop in Minhaj University

لاہور (2 فروری 2024ء) منہاج یونیورسٹی لاہور حسان بن ثابت سنٹرفار ریسرچ ان نعت لٹریچر کے زیراہتمام پبلک اینڈ میڈیا ہوسٹنگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈین فیکلٹی آف لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر محمد فخر الحق نوری نے کہا کہ درست تلفظ اور وسعت مطالعہ کسی بھی نقیب یا اینکر کے ہنر کو دو چند کر دیتا ہے۔ ڈائریکٹرHCRN ڈاکٹر سرور حسین نقشبندی اور راشد حمید کلیامی نے بھی اظہار خیال کیا۔

نامور میڈیا اینکر پرسن ہارون رفیق نے کہا کہ مایوسی بیچنا آسان، اُمید کے دیے روشن کرنا مشکل ہے۔ اینکرز کی قومی و صحافتی ذمہ داری ہے کہ وہ اُمید کے دیے روشن کریں۔

اورینٹل کالج کے سابق پرنسپل، ادیب، دانشور ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد نے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اور اینکرز کو ہمیشہ سچ بولنا چاہیے۔ سچ زبان کی سب سے بڑی قوت اور ابلاغ کا پائیدار زینہ ہے۔

مفتی محمد رمضان سیالوی نے میڈیا اور پبلک ہوسٹنگ کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اور اینکر پرسن کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ باصلاحیت شخص کو نااہل ثابت کر دے یا نااہل کو اہلیت والا ثابت کردے۔ جب معاملہ اس نوع کا ہو تو پھر سچائی سے کام لینا چاہیے اس سے سوسائٹی میں امن، رواداری اور اعتدال فروغ پاتا ہے۔ جوش خطابت میں حقائق مسخ نہیں ہونے چاہئیں۔ خوشامد اور حقیقت پسندی میں فرق روا رہنا چاہیے۔

ڈاکٹر سرور نقشبندی نے پبلک اینڈ میڈیا ہوسٹنگ ورکشاپ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان اینکرز اور نقباء حضرات کو فنی و تکنیکی اعتبار سے مضبوط بنانے کے لئے منہاج یونیورسٹی لاہور نے اہم ورکشاپس اور کلاسز کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کورس میں لاہور سمیت دیگر شہروں سے طلبا و طالبات شریک ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top