منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 3 مارچ کو ہو گی

انتظامات و تیاریوں کیلئے خرم نواز گنڈاپور کی سربراہی میں مرکزی کمیٹی قائم کر دی گئی
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنا دینی،اخلاقی،روحانی و ملی فریضہ پورا کر رہی ہے : امجد علی شاہ
23 مسلم اور مسیحی جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے: ڈائریکٹر انسٹی ٹیوشنز اینڈ پراجیکٹس

MQI Press Release

لاہور (16 فروری 2024) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غریب و مستحق بیٹیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب 3 مارچ 2024 (اتوار) کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کے بالمقابل گراؤنڈ میں منعقد ہو گی۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات و تیاریوں کیلئے خرم نواز گنڈاپور کی سربراہی میں مرکزی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

اجلاس میں شادیوں کی اجتماعی تقریب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوشنز اینڈ پراجیکٹس منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا کہ نئی زندگی شروع کرنے والی مستحق بیٹیوں کو با عزت انداز میں رخصت کرنے کیلئے ضروریات زندگی کا پورا سامان مہیا کیا جائے گا۔ تقریب میں 23 مسلم اور مسیحی جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پچھلی دو دہائیوں سے لاہور، واہ کینٹ، خانیوال، دولتانہ، بدوملہی، گجرات، خانقاں ڈوگراں سمیت دیگر شہروں میں اب تک ہزاروں غریب و مستحق بیٹیاں اپنا گھر بسا چکی ہیں، انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنا دینی،اخلاقی،روحانی و ملی فریضہ پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری،صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سمیت تحریک منہاج القرآن کے رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

اجلاس میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان نے خصوصی شرکت کی، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، سہیل رضا، شہزاد رسول، شفقت ندیم، علامہ اشفاق چشتی، حفیظ الرحمان خان، حاجی محمد اسحق، سعید شاہ، چوہدری ریاض، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل و دیگر رہنما شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top