معیار تعلیم کیلئے شفاف امتحانی نظام ضروری ہے: ڈاکٹر حسن قادری
شفافیت سے میرٹ کا کلچر فروغ پاتا اور طلباء میں محنت کرنے کا رجحان بڑھتا ہے
چیئرمین بورڈ آف گورنرز نظام المدارس کی مرکزی کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر گفتگو
لاہور (21 فروری 2024ء) نظام المدارس پاکستان کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے گزشتہ روز مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور سیکنڈری تا ایم اے علوم شریعہ کے جاری امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی کنٹرول روم میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر میر آصف اکبر اور کنٹرولر امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے اُنہیں خوش آمدید کہا اور جاری امتحانات کے انتظامات کے بارے میں انہیں بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ معیار تعلیم میں بہتری لانے کے لئے شفاف امتحانی نظام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نظام المدارس پاکستان مدارس دینیہ کا پہلا بورڈ ہے جس نے ملک بھر میں قائم امتحانی سنٹرز کی مانیٹرنگ کے لئے آن لائن نظام وضع کیا اور یہ نظام 100 فیصد نتائج مہیا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس اور شفافیت سے میرٹ کا کلچر فروغ پاتا اور طلباء میں محنت کرنے کا رجحان بڑھتا ہے۔ شفافیت سے تدریسی سرگرمیوں میں بھی ذمہ دارانہ رویے پنپتے ہیں۔
چیئرمین سپریم کونسل نے امتحانات کے مثالی انتظامات یقینی بنانے پر ڈاکٹر میر آصف اکبر، علامہ عین الحق بغدادی، محمدساجد برہانی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور مزید انتظامات فول پروف بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے بھرپور تعاون کرنے پر نظام المدارس سے ملحقہ مدارس دینیہ کے ممتحن اور منتظمین کو بھی بھرپور تعاون کرنے پر مبارکباد دی۔
تبصرہ