میثاق مدینہ سے بین المذاہب مکالمہ کی بنیاد پڑی: ڈاکٹر حسن قادری

بینظیر شہید یونیورسٹی میں لیکچر، لاڑکانہ میں علماء و مشائخ سے ملاقات و گفتگو

Dr Hassan Qadr meeting with ulma kiram

لاہور (29 فروری 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نواب شاہ میں شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی میں ”دستور مدینہ اور جدید آئینی اصول“کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دستور مدینہ سے بین المذاہب مکالمہ کی بنیاد پڑی او رواداری کی اقدار فروغ پذیر ہوئیں، انہوں نے اپنے لیکچر میں کہا کہ حضور نبی اکرم ؐ نے دستور مدینہ کے ذریعے نچلی سطح پر اختیارات کی تقسیم کا تصور پیش کیا گیا۔ میثاق مدینہ محض ایک معاہدہ نہیں تھا بلکہ یہ کرہئ ارض کا پہلا تحریری آئین بھی بنا جو آج بھی بغیر کسی ترمیم کے اپنی اصل شکل میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان دنیا کو سیاسی، معاشی نظام دینے والے ہیں۔ ہمیں آج بھی اپنے معاملات کے حل کے لئے قرآن و سنت کا سائنسی بنیادوں پر مطالعہ کرنا چاہیے کیونکہ ان میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐ نے معاشرے میں تمام اقلیتوں کو تحفظ فراہم کیا، نسل، مذہب، زبان، رنگ یا نسل کی بنیاد کے بغیر قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا اور خواتین کو بااختیار بنانے، ان کے تحفظ اور حقوق کی حمایت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امانت علی جلبانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ کے آئین جیسے اہم موضوع پر لیکچر دینے پر ہم چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے مشکور ہیں اور انہوں نے جتنی باریک بینی کے ساتھ تجزیاتی تحقیق مرتب کی ہے اس پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں۔

تقریب میں ڈاکٹر سلیمان بشیر، ڈاکٹر لیاقت زرداری، سہیل اسلم، ڈاکٹر تانیہ لغاری، ڈاکٹر انیقہ، منظور علی سیال اور نائب ناظم اعلیٰ مظہر محمود علوی سمیت دیگراہم شخصیات نے شرکت کی۔

دریں اثناء منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے لاڑکانہ میں علماء و مشائخ نے ملاقات کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمت دین پر کلمات تحسین ادا کئے اور علم و امن کے فروغ کے لئے منہاج القرآن کے کردار کی تعریف کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top