منہاج القرآن کے تحت شادیوں کی اجتماعی تقریب 3 مارچ (اتوار) کو ہو گی
تحریک منہاج القرآن مواخات مدینہ کے تصور انسانیت پر عمل پیرا ہے: سید امجد علی شاہ
23 جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے:ڈائریکٹر انسٹی ٹیوشنز اینڈ پراجیکٹس منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن
لاہور (29فروری 2024) تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن)کے زیراہتمام غریب و مستحق بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب 3 مارچ (اتوار) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن کے بالمقابل وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں 23 جوڑے نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقاریب میں اب تک ہزاروں بے سہارا بچیاں پیا گھر سدھار چکی ہیں۔
ڈائریکٹر انسٹی ٹیوشنز اینڈ پراجیکٹس منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ دین اسلام غریبوں، محتاجوں اور کمزروں کے دکھ درد میں شریک ہونے اور ان کی مدد کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن مواخات مدینہ کے تصور انسانیت پر عمل پیرا ہے۔ کم آمدنی والے غریب و نادار خاندانوں کے بیٹوں اور بیٹیوں کی اجتماعی شادیاں منہاج القرآن کا طرہ امتیاز بن چکا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تعلیم، صحت اور فلاح عام کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انسانیت کی خدمت بہترین عبادت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرسرپرستی تحریک منہاج القرآن شب و روز خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہے۔
سید امجد علی شاہ نے کہا کہ ملک بھر کی تنظیمات ہر سال اپنی مدد آپ کے تحت شادیوں کی اجتماعی تقاریب منعقد کرتی ہیں۔ کارخیر میں حصہ لینے والے سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں۔ غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر دست شفقت رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہونے والی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، شوبز، کھیلوں و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر دلہن کو مکمل گھریلو سامان تحفے میں دیا جائے گا،باراتیوں کیلئے کھانے کا بہترین انتظام ہو گا، نکاح پڑھانے کیلئے منہاج القرآن علما کونسل کے رہنما موجود ہوں گے۔
تبصرہ