ریاست مدینہ کے ہر شہری کو سوشل جسٹس میسر تھا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد میں خطاب
تقریب سے صدر بار محمد انوار الحق، سیکرٹری بار رانا مرتضیٰ حکیم کا خطاب، بڑی تعداد میں وکلا کی شرکت
لاہور/فیصل آباد (4 مارچ 2024) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد میں ”دستورمدینہ اورفلاحی ریاست کاتصور“ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست مدینہ ایک ایسا انتظامی ماڈل ہے جس پر عمل کرکے پاکستان ہی نہیں پوری اُمہ اپنی شان رفتہ بحال کر سکتی ہے۔ ریاست مدینہ کی بنیاد برداشت، رواداری، امن بقائے باہمی، عدل و انصاف اور بین المذاہب رواداری کے اعلی انسانی اصولوں پر استوار ہے۔ ریاست مدینہ کے والی خاتم النبینؐنے اُمہ کو یہ پیغام دیا کہ اسلام کے سنہری اصولوں کو نافذ کرنے کے لیے اعتدال و رواداری کے اوصاف کو کبھی ہاتھ سے جانے نہ دیں۔ ریاست مدینہ کے اندر سوشل جسٹس اور ریاست کے ہر شہری کو یکساں عدل و انصاف میسر تھا۔
دریں اثنا بارایسوسی ایشن قائداعظم ہال پہنچنے پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ سیشن جج محمدجاویدالحسن، ڈسٹرکٹ سیشن جج منصب خان، سول جج محمدجمیل، صدرڈسٹرکٹ بارمیاں انوار الحق ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری رانامحمدمرتضیٰ حکیم، نعیم فیروزگجر، چوہدری شاہدعلی وڑائچ، محمدذیشان ملک، حاجی محمدامین القادری، میاں کاشف محمود، خالدمحمودرندھاوا، خالدمصطفوی ایڈووکیٹ، محمدیسٰین بھٹی ایڈووکیٹ، سیدشفاعت رسول، عدیل احمدچیمہ ایڈووکیٹ، محمدشفیق بھٹی ایڈووکیٹ، چوہدری سہیل شوکت، نعلین مصطفی و نامور وکلا، قانونی حلقے، ریٹائرڈ ججز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز علمی شخصیات نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد میاں انوار الحق ایڈووکیٹ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر فیصل آباد آنے پر میں بار کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دستور مدینہ کو اپنانے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم موضوع پر مدلل اور مستند تحقیق لانے پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو بار ایسوسی ایشن کے 6 ہزار وکلا مبارک باد دیتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ شین جج محمد جاویدالحسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری علم کا سمندر ہیں، ان شااللہ یہ ملک ایک روز ریاست مدینہ کے نظریاتی خدوخال پر ضرور بنے سنورے گا۔
سیکرٹری بار ایسوسی ایشن رانا محمد مرتضی حکیم نے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کاتعارف پیش کیا۔
تبصرہ