منہاج القرآن نے رمضان میں 60 شہروں میں دروس عرفان القرآن کا شیڈول جاری کر دیا
نظامت دعوت اور منہاج القرآن علما کونسل کے سکالرز مختلف موضوعات پر دروس قرآن دیں گے
علامہ رانا محمد ادریس، رانا نفیس حسین قادری، علامہ فیاض بشیر،علامہ ظہیر نقشبندی ودیگر علماء خطابات کریں گے
لاہور(5 مارچ 2024) تحریک منہاج القرآن نے رمضان المبارک کے ماہ مقدسہ میں لاہور سمیت پورے ملک میں 60 سے زائد شہروں میں دروس عرفان القرآن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں سینکڑوں مقامات پر تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت، منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز، عقیدہ ختم نبوت، ہم ہمارا دین اور ہماری ذمہ داریاں، غصہ ڈپریشن اور اس کا علاج، رمضان اور عقیدہ آخرت، اسلام میں عورت کا مقام، عظمت قرآن، کامیابی کے بنیادی تقاضے، رمضان اور قرآن سمیت دیگر اہم موضوعات پر نماز فجر کے بعد درس قرآن دیں گے۔
لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارروال، شکر گڑھ، حاصل پور، میاں چنوں، لودھراں، لالہ موسیٰ، پنڈی، اسلام آباد، پشاور، ڈیرہ غازی خان، ایبٹ آباد، ملتان، بھکر، فیصل آباد، حیدر آباد، کراچی، مظفر آباد، میانوالی اور گلگت بلتستان کے اہم شہروں میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ 5 روزہ دروس عرفان القرآن کایہ سلسلہ یکم رمضان سے لیکر رمضان المبارک کے پورے مہینے تک جاری رہے گا۔ ان دروس عرفان القرآن میں اہم مذہبی و علمی شخصیات کے ساتھ ساتھ ہزاروں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔
علامہ رانا محمد ادریس، علامہ فیاض بشیر قادری، علامہ ظہیر نقشبندی، رانا نفیس حسین قادری، علامہ محمد مہتاب اظہر، علامہ منہاج الدین قادری، علامہ سرفراز احمد قادری، علامہ محمود مسعود قادری، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ غلام شبیر جامی، علامہ ڈاکٹر ارشد محمود مصطفوی، علامہ جمیل احمد زاہد قادری، علامہ سلیمان اعظم، علامہ ثنا اللہ ربانی سمیت دیگر سکالرز دروس عرفان القرآن میں خطابات کریں گے۔
لاہور میں ماڈل ٹاؤن، مغل پورہ، سمن آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، ٹاؤن شپ، چونگی امر سدھو، سبزہ زار، داروغہ والا، شادباغ، جلوموڑ، سنت نگر، شاہدرہ، رائیونڈ و دیگر مقامات پر تحریک منہاج القرآن کے سکالرز درس عرفان القرآن دیں گے۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں لاہور سمیت ملک کے 60 سے زائد شہروں میں سینکڑوں مقامات پر نماز فجر کے بعد دروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ تمام تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایثار، محبت، احترام آدمیت کو سیکھنے اور سکھانے کا نام روزہ ہے۔ رمضان المبارک صبر و رضا اور رب کی بندگی کا نام ہے۔ دین و دنیا سنوارنے اور اخروی نقصان سے بچنے کے لئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں ہر شخص اپنی ذات کا احتساب کرے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور یہ مقدس مہینہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہر شخص قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کرے۔
تبصرہ