نفرت پھیلانے والے اتحاد امت کے دشمن ہیں: ڈاکٹر حسین قادری
وحدت امت کانفرنس سے سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ سید احمد اقبال رضوی، خرم نواز
گنڈاپور کا خطاب
کانفرنس کی صدارت روحانی شخصیت سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور
حسین شاہ جماعتی نے کی
لاہور (7 مارچ 2024) منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام منعقدہ وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نفرت پھیلانے والے اتحاد امت کے دشمن ہیں۔ایسے فتنہ پرور عناصر پر نظر رکھیں۔ ایمان والے کبھی آپس میں دشمنی نہیں کرتے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محبت، اخوت اور اتحاد و یکجہتی کا درس دیا۔
منہاج القرآن نے کبھی فرقہ کی بات نہیں کی۔اسلام نے انسانیت کے احترام کی تعلیمات پیش کیں۔ اس وقت پاکستان لاتعداد مسائل سے دوچار ہے سب سے بڑا چیلنج تفہیم اور منافرت ہے۔ منبر و محراب سے محبت و اخوت کی ہوائیں چلنی چاہئیں۔ علمائے کرام امت کو متحد کرنے کیلئے اپنا دینی و ملی کردار ادا کریں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے کارکنوں کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو اتحاد و یکجہتی کا سفیر دیکھنا چاہتا ہوں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 73 ویں سالگرہ کی مناسبت سے شالا مار ٹاؤن میں منعقدہ وحدت امت کانفرنس کی صدارت معروف روحانی شخصیت سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کی۔
کانفرنس میں امیر متحدہ جمیعت اہلحدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، وائس چیئرمین مجلس وحدت المسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، مفتی محمد رمضان سیالوی، علامہ سید سبطین سبزواری، نائب ناظم اعلیٰ علامہ محمد ادریس، صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان مفتی محمد زبیر فہیم، علامہ مفتی امداد اللہ قادری، ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر، مفتی غلام اصغر صدیقی، علامہ محمد اشفاق چشتی، حافظ خلیل احمد قادری، علامہ رانا نفیس احمد قادری، مفتی محمد رفیق رندھاوا، علامہ خلیل احمد حنفی سمیت تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم کسی کو پاکستان کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔آج تمام مکتب فکر یکجان ہیں اور ہمارا ہدف پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانا ہے۔
سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں کہاکہ تحریک منہاج القرآن کی ساری کاوشیں اتحاد امت کیلئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امن، محبت کے رویوں کو عام کر رہے ہیں۔
وائس چیئرمین مجلس وحدت المسلمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑا،اسلام کی طاقت اتحاد و یکجہتی ہے۔
مفتی محمد رمضان سیالوی نے کہا کہ مسلمان اس لئے کمزور ہیں کہ وہ بکھرے ہوئے ہیں
جس دن امت محمدیہ امت واحدہ بن گئی زوال کمال میں بدل جائے گا۔
علامہ سید سبطین سبزواری نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات ”لاتفرقو“ ہیں جو ادارہ،فرد،یا
گروہ فرقے کی بات کرتا ہے درحقیقت امت محمدیہ کو کمزور کرنے کا ایجنڈہ آگے بڑھاتا ہے۔
صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان مفتی محمد زبیر فہیم نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے متحرک ہیں۔ ہم اپنے بچوں کی مادر پدر آزاد سوشل میڈیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، نوجوان اتحاد و یکجہتی کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔
صدر منہاج القرآن علما کونسل لاہور علامہ محمد رفیق رندھاوا نے کانفرنس میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کو خوش آمدید کہا۔
پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اتحاد امت، امن عالم اور پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ