رمضان المبارک کردار سازی اور ضبط نفس کا مہینہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 11 مارچ 2024ء

روزہ قلب و روح کی طہارت کا ذریعہ، مخلوق خدا کی ہر ممکن مدد کریں

Dr Tahir ul Qadri

بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے رمضان المبارک کے آغاز پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اہل ایمان رمضان المبارک کا ایمانی جوش و جذبہ کے ساتھ استقبال کریں، اللہ کا کروڑہا شکر ادا کریں جس نے ہمیں اپنی زندگیوں میں ایک بار پھر رمضان المبارک کی ساعتیں عطا کیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا بہترین استقبال یہ ہے کہ روزے رکھیں، مخلوق خدا کی مقدور بھر مدد کریں اور اپنے اہل خانہ کا ہر ممکن خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم اور مقدس مہینہ تمام مسلمانوں کو اتحاد و یکجہتی کی ایک لڑی میں پرو دیتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ رمضان المبارک خوداحتسابی کا درس دیتا ہے۔ قلب و روح کی صفائی کے لئے روزہ بہترین ذریعہ ہے شرط صرف یہ ہے کہ اس کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے مفلوک الحال، مجبور و نادار طبقات کی مدد کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصد میں سے ایک اہم ترین مقصد ہے۔ دین اسلام لوگوں کی مدد کرنے اور مواخات کے عظیم رویوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام ایمان، ایثار و احسان کا فلسفہ سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کے لئے رمضان المبارک ایک بہترین مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور ہم سب کو یہ عزم کرنا ہے کہ رحمتوں اور برکتوں کے اس بہتے دریا سے کس طرح زیادہ سے زیادہ جھولیاں بھرنی ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ رمضان المبارک کردار سازی اور ضبط نفس کا مہینہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top