منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس، شہر اعتکاف کے انتظامات کا جائزہ

مورخہ: 12 مارچ 2024ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شہر اعتکاف میں ویڈیو لنک پر خطابات کریں گے
شہر اعتکاف 2024ء کی رجسٹریشن کا عمل 18 رمضان المبارک تک جاری رہے گی
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی دوکانداروں سے نا جائز منافع نہ لینے کی اپیل

Minhaj ul Quran CWC Ijlas

لاہور(12 مارچ 2024) تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ اجلاس میں منہاج القرآن کے زیراہتمام منعقد ہونے والے شہر اعتکاف کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ویڈیو لنک پر خطابات کریں گے۔ معتکفین سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صاحبزادہ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری تربیتی خطابات کریں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی منہاج پبلیکیشنز کی طرف سے شائع ہونے والی کتب پر شہر اعتکاف کے معتکفین کیلئے 50 فیصد رعائت دی جائے گی۔

سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر اعتکاف 2024ء کی رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ ہزاروں مرد و خواتین نے شہر اعتکاف میں شرکت کیلئے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ رجسٹریشن کا مزید عمل جاری ہے جو 18رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔ شہر اعتکاف میں شرکت کیلئے ملک کے طول و عرض سے ہزاروں افراد معتکف ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کی آمد سے تین ماہ قبل ہی رجسٹریشن اور شہر اعتکاف کے انتظامات و تیاریاں شروع کر لی جاتی ہیں۔ ہزاروں معتکفین ومعتکفات کیلئے الگ انتظامات کئے جاتے ہیں۔

نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سدہ کرامت نے سنٹرل ورکنگ کونسل میں بتایا کہ ڈاکٹر غزالہ قادری معتکفات سے خصوصی تربیتی خطابات کریں گی، ہزاروں خواتین نے رجسٹریشن کروا لی ہے۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن نظامت دعوت و تربیت، منہاج القرآن علما کونسل اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ملک کے 115 شہروں میں رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے شہر اعتکاف کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک خود احتسابی،صلہ رحمی اور کردار سازی کا مہینہ ہے۔ مخیر حضرات کم آمدنی والے روزہ داروں کیلئے سحری و افطاری کا اہتمام کر کے اپنا دینی و انسانی فریضہ پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے غریب عزیز و اقارب اور ہمسایوں کو سحر و افطار میں شامل کریں۔ انہوں نے کہاکہ اخوت و ایثار افضل ترین عمل اور عبادت کا جوہر ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے تاجر برادری اور دوکانداروں سے اپیل کی کہ وہ جائز منافع لیں۔ رزق حلال میں برکت اور ناجائز منافع خوری میں اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی و ناراضگی ہے۔

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، رانا وحید شہزاد، شیخ فرحان عزیز، سدرہ کرامت، سہیل احمد رضا، حافظ غلام فرید، حافظ وقار، آفتاب خان، عادل ظہیر، ندیم شفقت، ریاست علی چدھڑ، عبدالستار منہاجین، شہباز طاہر، رضا طاہر سمیت سنٹرل ورکنگ کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top