اسلام میں کاروبار و تجارت کی روح بلندی اخلاق ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 19 مارچ 2024ء

اسلامی نظام معیشت کے سواتمام نظام معاشی مسئلہ حل کرنے سے قاصر ہیں: صدر منہاج القرآن
معاشی خوشحالی کی کنجی اپنے وسائل میں رہ کر گزارا کرنا ہے: تاجروں کے وفد سے گفتگو
عوامی تاجر اتحاد کے وفد میں الطاف رندھاوا، حاجی اسحاق، راشد چوہدری، ثاقب بھٹی و دیگر شامل تھے

Dr-Hussain-Mohi ud Din Qadri

لاہور (19 مارچ 2024) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلامی نظام معیشت ایک سوچ کا نام ہے جسے ہم سب کو اپنانا ہو گا، اسی سوچ کے اندر ہمدردی، غمگساری، غریب پروری اور لوگوں کی فلاح ہے، اسی سوچ کے اندر ویلفیئر کا تصور بھی ہے۔ کسی بھی نظام کو کامیابی سے چلانے کیلئے اس کے اصول و ضوابط بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ دور حاضر میں بھی کئی نظام معیشت رائج ہیں لیکن اسلامی نظام معیشت کے سوا باقی تمام نظام انسان کا معاشی مسئلہ حل کرنے سے قاصر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تاجروں و صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی تجارت کا ایک اہم اصول تاجروں کا اعلیٰ کردار کا ہونا ہے۔ اسلام چاہتا ہے کہ تاجر ایسے اخلاق وکردار کا مظاہرہ کریں جس سے دوسرے متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دولت جمع کرنے کی ہوس کی بجائے تاجر اپنے کاروبار کو محنت و دیانت سے کریں۔ حضور نبی اکرم ﷺ خود تاجر تھے۔ آپ ﷺ نے تجارت کو اپنا پیشہ بنایا، ساری دنیا حضور نبی اکرم ﷺ کی دیانت، صداقت، امانت کی معترف ہے۔ تاجروں کی اس سے بڑھ کر اور کیا خوش قسمتی ہے کہ ان کا حلال طریقے سے رزق کمانا نبی اکرم ﷺ کی سنت مبارکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی خوشحالی کی کنجی اپنے وسائل میں رہ کر گزارا کرنا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ اعتدال کی راہ اپنانے والا کبھی بھی غربت کا شکار نہیں ہو گا۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنے امتیوں میں حسن سلوک کو فروغ دینے کیلئے بلندی اخلاق کو اسلام کا جوہر قرار دیا ہے۔ اسلام میں کاروبار و تجارت کی روح بھی بلندی اخلاق ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنے امتیوں پر یہ لازم قرار دیا ہے کہ وہ کردار کی اعلیٰ ترین خوبیوں کو اپنائیں، دوسروں کی مشکلات کو کم کریں۔ ایک دوسرے کو فائدہ پہنچائیں۔کچھ بھی فروغت کرتے وقت فراغ دلی کا مظاہرہ کریں۔

سچ بولیں اور لوگوں سے نرمی سے پیش آئیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک زندگی ان تمام خوبیوں سے پر تھی۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے سچے مومن اور مومنہ کی یہ خوبی بیان فرمائی ہے کہ ”مومن صاف گو اور شریف ہوتا ہے جب کہ فاجر فسادی اور کمینہ ہوتا ہے“ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم حضور نبی اکرم ﷺ کی اطاعت و اتباع کریں۔صرف حضور نبی اکرم ﷺ کی شخصیت ہی ہر لحاظ سے کامل ہے اور پوری انسانیت کی رہنمائی کیلئے روشنی کا مینا ر ہے۔

وفد میں مرکزی کوآرڈینیٹر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا، حاجی محمد اسحق، ثاقب بھٹی، راشد چوہدری، نوید بٹ، رانا منظور، محبوب عالم و دیگر تاجر رہنما شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top