اہل بیت اطہار سے محبت ایمان کی شرط ہے:مفتی غلام اصغر صدیقی

مورخہ: 26 مارچ 2024ء

حسنین کریمین سے محبت و مودت پوری امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے
منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی صدر کا یوم ولادت حضرت امام حسن مجتبیٰؓ پر تقریب سے خطاب

Mufti Ghulam Asgar Qadri

لاہور (26 مارچ 2024) مرکزی صدرمنہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہار، حسنین کریمین سے محبت و مودت پوری امت مسلمہ کی مشترکہ میراث اور اثاثہ ہے، یہ فقط اظہارِ عقیدت کا معاملہ نہیں ہے یہ قرآن اور صاحب قرآن حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان عالیشان اور اعلان ہے کہ قرآن اور میری عترت سے جڑ جانے والے ہمیشہ صراط مستقیم پر رہیں گے اور کبھی گمراہ نہیں ہونگے۔

رسول اکرم ﷺ کی ہی تربیت کا اثر تھا کہ حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ کی پوری زندگی انتہائی نظم و ضبط اور طہارت سے عبارت تھی۔ فرزند رسول حضرت امام حسن مجتبیٰؓ باوقار اور متین شخصیت کے حامل تھے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ جنت کے جوانوں کے سردار ہیں“۔ حضرت امام حسنؓ انسانی کمالات میں اپنے والد گرامی حضرت مولا علیؓ اور اپنے نانا حضور نبی اکرم ﷺ کی نشانی تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراہ اورحضرت مولا علی ؓ کے بڑے صاحبزادے فرزند رسول حضرت امام حسن مجتبیٰؓ کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار کی محبت و مودت کو روح میں اتار لینے والے کامیاب و کامران اور سرخرو ہونگے اور ایمان کے اس باب میں لغزش کا شکار ہونے والے روز قیامت شافع محشر حضور نبی اکرم ﷺ سے منہ چھپاتے پھریں گے۔ اہل بیت اطہار سے غیر مشروط محبت ہر کلمہ گو پر فرض ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ نوجوان بطور خاص اس بات پر دھیان دیں اور جنتی نوجوانوں کے سردار حضرت سیدنا امام حسنؓ و حضرت سیدنا امام حسینؓ کی دین سے وفا، جذبہ ایثار، ایمانی حمیت و کردار کو اپنائیں یہی محبت و اطاعت جنت تک لیجائے گی۔

تقریب میں مرکزی ناظم علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ عثمان سیالوی، مفتی محمد رفیق رندھاوا قادری، علامہ محمد خلیل حنفی سمیت دیگر علمائے کرام موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top