مسلم خواتین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ کی پاکیزہ سیرت و کردار سے رہنمائی حاصل کریں: ڈاکٹر فرح ناز

مورخہ: 28 مارچ 2024ء

سیدہ عائشہ صدیقہؓ کا اسوہ قیامت تک خواتین کے لیے مشعل راہ ہے: سدرہ کرامت
اُم المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ کے یوم وصال کے موقع پر خصوصی فکری نشست و دعائیہ تقریب

Dua for Syeda Ayesha RA in Minhaj ul Quran 2024

لاہور (28 مارچ 2024) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام اُم المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر خصوصی فکری نشست و دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران سمیت خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُم المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا تاریخ اسلام میں منفرد مقام حاصل ہے، وہ علم کے اعلیٰ درجے پر فائز تھیں دین اسلام کا بہت بڑا حصہ ان کے توسط سے امت مسلمہ تک پہنچا۔ حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے اپنی پوری پاکیزہ زندگی عورتوں اور مردوں میں اسلام کے احکام و قوانین اور اسکے اخلاق و عادات کی تعلیم دینے میں صرف کر کے دین اسلام کیلئے بیش بہا خدمات انجام دیں۔

سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے صرف احادیث ہی روایت نہیں کیں بلکہ آپ رضی اللہ عنہا فقیہہ، مفسرہ اور مجتہدہ اور حافظہ بھی تھیں۔ آپ کو مسلمان عورتوں میں سب سے بڑی فقیہہ جانا اور تسلیم کیا جاتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہا کا شمار مدینے کی ان چند علمی شخصیات میں ہوتا تھا جن کے فتوے پر لوگوں کو مکمل اعتماد تھا۔ مسلم خواتین اُم المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی پاکیزہ سیرت و کردار سے رہنمائی حاصل کریں۔ حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کو اپنا آئیڈیل بنا کر اپنی زندگیوں کو اسلامی سانچے میں ڈھالیں۔ حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا اسوہ قیامت تک کی خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔

سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر سدرہ کرامت نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا اسوہ قیامت تک خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے رشد و ہدایت کا وہ فیض کثیر جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنگت سے آپکو ملا اسے امت تک منتقل کرنے میں بے مثال کردار ادا کیا۔ تقریب میں انیلہ الیاس، اُم حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر، نورین علوی، سعدیہ ملک، رافعہ عروج ملک، حافظہ سحر عنبرین، شاہدہ مغل سمیت خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top