کم خوری اور صبر و شکر انسان کو اللہ کے قریب کرتا ہے:ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 29 مارچ 2024ء

بھوکا رہنا سیکھیں تاکہ دوسروں کی بھوک کی فکر کا احساس ہو سکے
دین اسلام نے خدمت انسانیت کو عظیم عبادت قرار دیا: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل

Dr Hassan Qadri adressing Khutba Jummah in Jamia Shaykh ul Islam

لاہور (29مارچ 2024) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اپنے بندوں کو بھوک، ڈر، خوف، مصائب و آلام اور کبھی مالی آسودگی اور اپنی بے بہا نعمتیں عطا کر کے آزماتا ہے، کامیاب و کامران بندے وہی ہیں جو ہر حالت میں سجدہ شکر بجا لاتے اور اطاعت گزار رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری زندگیوں سے صبر، شکر، قناعت نکل گئی یہی وجہ ہے کہ ہم اللہ کی تمام نعمتیں حاصل ہونے کے باوجود پریشان حال اور مایوس ہیں، انھوں نے کہا کہ کم خوری اور صبر و شکر کی کیفیات انسان کو اللہ کے قریب کرتی ہیں۔ مسلمان کی پوری زندگی صبر و شکر سے عبارت ہے۔ شکر اخلاق، اعمال اور عبادات کا بنیادی جز ہے۔ رمضان المبارک صبر و شکر، زہد و تقویٰ اور غم خواری کا مہینہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں پر راضی رہیں۔ برائیوں کی اصلاح اور نیکیوں کو پھیلانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔

انہوں نے کہا کہ بھوکارہنا سیکھیں تاکہ دوسروں کی بھوک کی فکر کا احساس ہو سکے۔ خود کو معاشرے کا خدمتگار بنائیں۔ ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ دین اسلام نے خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔ معاشرے میں انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے انتہائی خوش نصیب ہیں جودوسروں کے دکھ درد اور مصائب کو سمیٹ کر خوشیاں اور آسانیاں مہیا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صاحبزادہ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان نے نماز جمعہ جامع شیخ الاسلام میں ادا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top