نوجوانوں کو خدا سے دور کرنا آج کا بڑا فتنہ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

ایٹم اور اس کے تقسیم شدہ ذرات کسی سائنسدان نے نہیں دیکھے، اس کے باوجود اسے سب حقیقت مانتے ہیں
دماغ کا سارا علم حواس خمسہ کا مرہون منت ہے جبکہ اللہ لا محدود اور ماورا ہے

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

لاہور (یکم اپریل 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شہرِ اعتکاف میں پہلے روز خدا کو کیوں مانیں؟ اور مذہب کو کیوں اپنائیں؟ کے موضوع پر ہزارہا معتکفین و معتکفات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور کچھ ویب سائٹس کے ذریعے نوجوانوں کو مذہب اور خدا سے دور کیا جارہا ہے۔ اس فتنے کا رد اور نوجوانوں کو فکری انتشار سے بچانا ایک بہت بڑا چیلنج اور ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال کیا جاتا ہے کہ جس اللہ کو اور جنت، دوزخ کو کسی نے دیکھا نہیں ہے اور سائنس جن کے وجود کی تصدیق نہیں کرتی ان پر یقین کیسے کرلیا جائے؟۔

انہوں نے کہا کہ اس کا جواب بھی خود سائنس سے لیتے ہیں ایٹم اور اس کے تقسیم شدہ ذرے نیوٹران، الیکٹران اور پروٹان آج تک کسی سائنسدان نے اپنی آنکھ سے نہیں دیکھے اور نہ ہی کوئی ایسی خوردبین تاحال ایجاد ہوئی ہے جو انہیں دیکھ سکے۔ اس کے باوجود ایٹم اور اس کے دیگر تقسیم شدہ ذروں کا وجود ایک حقیقت ہے۔ سائنس دانوں کے یقین کا تعلق یقین بالغیب سے ہے لیکن جب اللہ کے وجود کا اعتراف ایمان بالغیب کے ذریعے کیا جائے تو اس پر انگلی اٹھائی جاتی ہے۔؟ انہوں نے کہا کہ اللہ کے وجود کے خلاف منفی مواد وائرل کرنے والوں میں کسی کو مستند سائنسدان یا عالم نہیں پایا۔ یہ فرسٹریشن اور ڈپریشن کے مارے ہوئے لوگ ہیں جن کا اپنا علم ناقص اور محدود ہے وہ لامحدود کے وجود کا احاطہ کیسے کرسکتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید میں 856 آیات ایسی ہیں جو علم کی اہمیت اور افادیت پر زور دیتی ہیں۔ 1000 آیات ایسی ہیں جو بالواسطہ یا بلاواسطہ سائنس اور اس کی برانچز سے متعلق ہیں۔ سائنس کی ساری ایجادات کی عمر 200 سال سے زیادہ نہیں ہے۔ 2 صدیاں قبل سائنس کا انحصار ٹامک ٹوئیوں پر تھا جب کہ قرآن نے 14 سو سال قبل کائنات کی حقیقت کے بارے میں حقائق کھل کر بیان کردئے تھے۔ سائنس جو بھی ایجاد کرتی ہے درحقیقت وہ قرآن مجید کے بیان کئے گئے حقائق کی توثیق و تصدیق ہے۔ قرآن واحد کتاب ہے جو غور و فکر کی دعوت دیتی ہے۔ جو کتاب اپنے ماننے والوں کو غور و فکر اور تدبر کی دعوت دے وہ کیسے غلط ہوسکتی ہے؟۔

انہوں نے نوجوانوں کو تاکید کی کہ علم کیساتھ اپنا رشتہ قائم کریں، تحقیق و تدبر سے کام لیں، علم پر محنت کریں، جو شخص بھی علم سے محبت کرے گا علم پر محنت کرے گا کوئی اسے گمراہ نہیں کرسکے گا۔ مسلمانوں کی میراث ہی علم و تحقیق ہے۔ شہر اعتکاف میں پہلے روز چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقویٰ و طہارت کے موضوع پر تربیتی خطاب کیا، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے معتکفین کے شرعی و فقہی سوالوں کے جواب دئیے۔

ڈائریکٹر نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشل ڈویلپمنٹ حافظ سعید رضا بغدادی اور سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سرفراز قادری نے علم اور مراکزِ علم کے موضوع پر لیکچر دیا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ملک کے طول و ارض سے آنے والے معتکفین کو خوش آمدید کہا، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اعتکاف گاہ سے متعلق اور معتکفین کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ شہرِ اعتکاف میں نمازِ تراویح کے بعد وطن عزیز کے معروف ثناء خوان مصطفیٰ ﷺ نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top