اللہ کے بندے علم سے محبت کرتے ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

تحریک منہاج القرآن کے بانی کا شہر اعتکاف میں پانچویں نشست سے خطاب
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شہر اعتکاف جامع المنہاج میں جمعہ کا خطبہ دیا

لاہور(5 اپریل 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شہر اعتکاف میں پانچویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری قادری نے کہا ہے کہ امت کے نوجوان بیٹے اور بیٹیاں اپنے دل دماغ میں اللہ کی محبت کی ایسی پیاس پیدا کریں کہ جب اُس ذاتِ حق کے ذکر اور یاد کا پانی پیو تو مَن کے اندر ٹھنڈک چلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانو! رب ذوالجلال کے تابع فرمان بن جاؤ۔ جو اُس کی اطاعت میں آجاتے ہیں، اُنہیں باری تعالیٰ اپنا عشق و محبت اور قُرب عطا فرماتا ہے۔ آج کے نوجوان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ بغیر محنت کے ہر چیز حاصل کرنا چاہتا ہے، شہر اعتکاف میں ایران کے قونصل جنرل جعفر روناس نے شرکت کی اور کہا کہ ایران میں ڈاکٹر طاہر القادری کی دینی خدمات اور ادارہ منہاج القرآن کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں بین الاقوامی مذاہب کانفرنس ہو رہی ہے ہماری خواہش ہے کہ اس میں منہاج القرآن کی نمائندگی ہو، شہر اعتکاف میں اظہار خیال کرتے ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ میرے بیٹو اور بیٹیو! پڑھنے اور سمجھنے کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ آپ سب قرآن مجید اور اپنے نبی ؐکی سیرت اور تعلیمات کا مطالعہ کیا کریں اور اس میں غور و فکر اور تدبر کیا کریں۔ اللہ کے سچے بندوں کے دل علم سے محبت کرنے والے ہوتے ہیں اور وہ اللہ کے راز اور اَسرار و رُموز کے میدانوں کی سیر کرتے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس، ڈاکٹر احسن خاور شہزاد، سابق منیجر قومی کرکٹ ٹیم اظہر زیدی، سابق ٹیسٹ کرکٹر منظور الہی، آئی سی سی ایمپائر وقاص، علامہ پروفیسر مفتی شبیر انجم، علامہ پیر محمد سیف اللہ، علامہ پیر اختر رسول قادری، پروفیسر مسعود اشرف قصوری، علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی، انٹرنیشنل نیشنل بائیکر احمد مکرم خان نے شہر اعتکاف میں شرکت کی۔

دریں اثناء شہر اعتکاف میں جامع المنہاج میں نماز جمعہ کا خطبہ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان اس دنیا میں جو کام بھی اچھا ہو یا برا اپنی ذات کے لیے کرتا ہے وہ فانی ہوتا ہے اور جو کام اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خوشنودی کے لئے کرتا ہے اسے دوام حاصل ہوتا ہے اس کا اجر اور خیرو برکات کا سلسلہ اس دنیا میں جاری رہتا ہے اور آخرت میں بھی، انہوں نے کہا کہ زندگی کی اس مختصر میسر مہلت میں اپنے لیے نہیں دوسروں کے لیے جیو۔

اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، ودیگر قائدین نے نماز جمعہ کی نماز شہر اعتکاف میں ادا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top