صوفیاء کرام ہر دور میں تاجدارِ کائنات ﷺ کے اُسوہ اور سیرت کا پیکر رہے ہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کا جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب
جمعہ کے اجتماع میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری شریک ہوئے
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب، جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام ہر دور میں تاجدارِ کائنات ﷺ کے اُسوہ اور سیرت کا پیکر رہے ہیں۔ عہدِ حاضر میں حضور تاجدارِ کائناتﷺ کے اخلاقِ کریمانہ کو اپنانا ناگزیر ہے۔ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: جو نرم دلی سے محروم ہوگیا وہ خیر سے محروم کر دیا گیا۔ صوفیاء کرام کی زندگیاں نافرمانی، ظلم اور نا انصافی سے پاک ہوتی ہے، ان کی زندگیوں میں کذب اور جھوٹ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو ہر حال میں شکر کرنے والے بندے بہت پسند ہیں، تھوڑے پر راضی ہو جانے والوں پر اللہ اپنی نعمتیں بڑھا دیتا ہے، ناشکرے کے رزق سے برکت اٹھ جاتی ہے، صوفیا کرام میں ایک قدر ہمیشہ مشترک ملے گی کہ وہ قناعت کرنے والے، سیر چشم اور ہر حال میں میں شکر ادا کرنے والے ہوتے ہیں، دنیا کی چمک دمک انھیں متاثر نہیں کرتی۔ شکر کرنے والوں کا سہارا اللہ خود بن جاتا ہے، اللہ شکر گزار بندوں کی حاجت روائی کے اسباب پیدا فرماتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مال کی کثرت امیری نہیں بلکہ اصل دولت دل کا غنی ہونا ہے۔ بخیل وہ ہے جسے بے پناہ مالی آسودگی حاصل ہوتی ہے مگر وہ دوسروں پر خرچ نہیں کرتا مال کی محبت اسے کنجوس اور بخیل بنا دیتی ہے اور ایسے افراد کے لیے روز قیامت کوئی جزا نہیں ہے، مال کی بجائے اللہ کے لیے انسانیت سے محبت کریں، اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والوں کے لیے آخرت میں آسانیاں ہیں۔ ہمارے تمام خاندانی، سماجی، معاشرتی، دوستی و باہمی لین دین کے مسائل کی بنیادی وجہ غصہ ہے۔ جود و سخا کا پیکر شخص لوگوں، جنت اور اللہ رب العزت کے قریب ہوتا ہے جب کہ بخیل شخص ان چیزوں سے دور ہوتا ہے۔ اللہ رب العزت صبر اور شکر کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے، جو جتنا شکر کرتا ہے اللہ رب العزت اُس پر اپنی رحمتیں اور برکتیں اسی قدر بڑھاتا چلا جاتا ہے۔ ہم نے اخلاق سے دامن چھڑا لیا، جس کی وجہ سے اسلام کو قبول کرنے کا رجحان کم ہو گیا ہے۔
اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اُمت مسلمہ اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
تبصرہ