نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانا ہو گا: احمد اویس ایڈووکیٹ

علماء نوجوانوں کے ایمان اور کردار کی حفاظت کریں: مفتی بدرالزماں قادری
علماء نے فتنہئ دہریت کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری کے فکر انگیز خطابات پر اُنہیں مبارکباد دی

Ahmad-Awias-Advocate

لاہور(27 اپریل 2024) سینئر قانون دان سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا ہے کہ مذہب کی نفی کا فتنہ نوجوانوں کے ایمان کو برباد کررہا ہے اور انہیں انتہا پسندی اور دہریت کے اندھیروں کی طرف دھکیل رہا ہے، اس فتنے کا مقابلہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بڑے جاندار اور شاندار طریقے سے کررہے ہیں۔ میں ذاتی طور پر تجویز کروں گا کہ نوجوان مذہب اور وجودِ باری تعالیٰ کے حوالے سے فکری واضحیت حاصل کرنے کے لئے شیخ الاسلام کے شہرِ اعتکاف کے دوران کئے گئے خطابات کی سیریز کو ضرور سنیں۔ میں نے یہ خطابات خود سنے ہیں اور بڑا متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن ہر قسم کی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر دین اور علم کی خدمت کررہا ہے۔

مفتی بدرالزماں قادری پرنسپل جامعہ ہجویریہ داتا دربار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اللہ اور مذہب سے بیزار کرنے کے لئے سوشل میڈیا کامنفی استعمال زوروں پر ہے، اس حوالے سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی 60 فیصد یوتھ اغیار کی آنکھوں میں کانٹا بنی ہوئی ہے، وہ یوتھ کے اس خزانے کو بے عمل بنا کر اسے غیر موثر کرنا چاہتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس دور کی ایک معتبر علمی و تحقیقی شخصیت ہیں۔ انہوں نے دہریت کے فتنے کو بھانپتے ہوئے نوجوانوں کے کردار اور ایمان کی اصلاح کی ہے اور نوجوانوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ قرآن و سنت کے ساتھ اپنا مضبوط تعلق قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ اور مذہب کی نفی کے بعد انسانیت کے پاس سوائے خون خرابے،گمراہی اور لاقانونیت کے اور کچھ نہیں بچتا۔ اللہ کے وجود کی حقانیت سے ہی انسانیت اعتدال اور توازن کی راہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس سال شہر اعتکاف کے دوران ”خدا کو کیوں مانیں؟اور مذہب کو کیوں اپنائیں“ کے موضوع پر کئے گئے خطابات سے فتنہئ دہریت کی جڑیں کٹ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام فی زمانہ نوجوانوں کے ایمان، اخلاق اور کردار کی حفاظت کے لئے اپنا بہترین علم اور وقت بروئے کار لائیں۔ انہوں نے فتنہئ دہریت کے رد میں مدلل خطابات کی سیریز دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top