25 ہزار مراکز علم کیلئے نصاب تیار کر لیا گیاہے: سعید رضا بغدادی

مورخہ: 13 مئی 2024ء

ہر گھر کو مرکز علم بنانا ہو گا گھر معاشرے کی پہلی درسگاہ ہے
مراکز علم نصاب عام آدمی کی ذہنی استعداد کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا: ناظم ای پی ڈی

لاہور(13 مئی 2024) تحریک منہاج القرآن کی نظامت ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ناظم سعید رضا بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات اور ویژن کے مطابق ملک بھر میں 25 ہزار مراکز علم قائم کررہے ہیں۔ انتہا پسندی و عدم برداشت کے خاتمے، اعتدال و رواداری کی مصطفوی تعلیمات کے فروغ کے لئے ہر گھر کو مرکز علم بنانا ہو گا اور گھر کی سطح پر تعلیم و تربیت کے منقطع سلسلہ کو بحال کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مثالی مسکن، مثالی ماں، مثالی مکتب اور مثالی میڈیا یعنی ابلاغ عام کے ذریعے ہم امت کے زوال کو کمال میں بدل سکتے ہیں۔ مراکز علم کے لئے نصاب تیار کر لیا گیا ہے بہت جلد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مراکز علم کا آغاز مسکن یعنی گھر سے کررہے ہیں۔ گھر ہی معاشرہ کا پہلا یونٹ، اکائی اور پہلی درسگاہ ہے۔ اگر ہم گھروں کے ماحول کو تعلیم و تربیت سے ہم آہنگ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مراکز علم کا نصاب عام آدمی کی ذہنی و تعلیمی استعداد کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادی کر سکیں۔ سعید رضا بغدادی نے کہاکہ فروغ علم و شعور اور دینی و اخلاقی اقدار کا احیاء تحریک منہاج القرآن کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top