شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا علامہ غلام ربانی تیمورکی وفات پر اظہار افسوس

مورخہ: 18 مئی 2024ء

لاہور (18 مئی 2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے سینئر مرکزی رہنما، ناظم دعوت، فاضل منہاج یونیورسٹی، معروف مذہبی سکالر علامہ غلام ربانی تیمور کی ناگہانی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ علامہ غلام ربانی تیمور کے انتقال کی خبر سن کر مجھے گہرا دلی صدمہ پہنچا ہے۔ علامہ غلام ربانی تیمور گزشتہ شب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ علامہ غلام ربانی تیمور تحریک منہاج القرآن کے عظیم راہنما، سپوت اور میرے دست راست تھے۔ مصطفوی مشن کے فروغ کیلئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ علامہ غلام ربانی تیمور کے انتقال کی خبر سے تحریک منہاج القرآن کے اندرون و بیرون ملک مقیم ہزار ہا کارکنان کو صدمہ پہنچا ہے۔ علامہ غلام ربانی تیمور علم دوست اور انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک تھے، تحریک منہاج القرآن کا عظیم اثاثہ تھے، ان کے شب و روز دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقی تعلیمات کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف تھے، ان کی ناگہانی وفات سے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور علمی حلقے ایک قابل شخصیت سے محروم ہوگئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے، ان کی قبر کو جنت کے باغات میں سے ایک باغ بنائے اور ورثاء کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علامہ غلام ربانی تیمور کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علامہ غلام ربانی تیمور تحریک منہاج القرآن کے عظیم رہنما تھے، مصطفوی مشن کیلئے ان کی مثالی خدمات ہر کارکن کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، اللہ رب العزت انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے۔

نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، قاضی زاہد حسین، جی ایم ملک، انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، ، سید الطاف حسین شاہ، سردار شاکر مزاری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، میاں عبدالقادر، شکیل طاہر، میاں ریحان مقبول، جواد حامد، شہزاد رسول، عابد بشیر، خرم شہزاد، سید امجد علی شاہ سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے علامہ غلام ربانی تیمور کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار اور مرحوم کی بخشش اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ علامہ غلام ربانی تیمور کے انتقال پر تحریک منہاج القرآن کے جملہ ذمہ داران ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top