منہاج ویلفیئر تمام شہروں میں اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کرے گی: ثناء اللہ خان

مورخہ: 03 جون 2024ء

قربانی کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے لوگ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کرتے ہیں
جدید سلاٹر ہاؤس میں قربانی کا عمل وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈائریکٹر آپریشنز ایم ڈبلیو ایف

لاہور (2 جون 2024ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اندرون ملک و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے فریضہ قربانی کی ادائیگی میں سہولیات مہیا کرنے کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کر دئیے ہیں۔ رواں سال گائے کا حصہ 22 ہزار، 26 ہزار، دنبہ، چھترا 40 ہزار جبکہ بکرے کی قربانی کا ریٹ 45 ہزار مقرر کیا گیا ہے۔ قربانی مہم کے انتظامات و تیاریوں کے سلسلے میں تشکیل دی گئی درجنوں انتظامی کمیٹیاں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کرے گی۔قربانی کا گوشت مستحق اور ضرورت مندوں تک پہنچایا جائے گا۔ ہزاروں رضا کار گوشت کی تقسیم کے عمل میں حصہ لیں گے اور گوشت گھروں تک پہنچائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشنز ثناء اللہ خان نے انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ شدید گرم موسم میں گوشت کو محفوظ بنانے کے لئے اجتماعی قربانی کے حصہ جات اور مستحقین تک گوشت پیکنگ میٹریل سے تیار کردہ تھرما پول ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ پیک کر کے پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سلاٹر ہاؤس میں قربانی کا عمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد قربانی کا گوشت بروقت اور 100فیصد ہائی جینک طریقے سے پہنچانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا جاتا ہے۔ پاکستان میں لاہور سمیت سینکڑوں مقامات پر اجتماعی قربانی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں رضاکار عیدالاضحی کے تینوں روز خدمات انجام دیں گے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار پسماندہ علاقوں میں ڈور ٹو ڈور جا کر قربانی کا گوشت تقسیم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے قربانی کے فریضہ کی ادائیگی کے لئے لوگ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کرتے ہیں اور ہم اس اعتماد پر پورا اترنے کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہیں۔

اجلاس میں منصور قاسم اعوان، رانا فیصل، شفقت ندیم، عظمت شاہ و دیگر شریک تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top