منہاج ویلفیئر ملک بھر میں اجتماعی قربانی کے کیمپ لگائے گی: انجینئر ثناء اللہ خان

مورخہ: 10 جون 2024ء

گوشت کی تازگی کو برقرار رکھنے کیلئے تھرماپول ڈبے ڈرائی آئس کے ساتھ استعمال کئے جائیں گے
جدید مشینوں پر سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کی جائے گی
قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں: ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر

Minahj-Welfare-Foundation

لاہور (10 جون 2024ء) ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انجینئر ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک بھر میں اجتماعی قربانی کیلئے کیمپ لگائے گی۔ ہزاروں چھوٹے بڑے جانور ذبح کئے جائیں گے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن عید الاضحی پر مستحقین تک وقف (قربانی فی سبیل اللہ) کا گوشت پہنچائے گی۔ پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منظم تنظیمی نیٹ ورک کی وجہ سے دوردراز کے پسماندہ علاقوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ قربانی کے جانوروں کی خریداری جاری ہے۔

خریداری کمیٹی میں ویٹنری ڈاکٹرز، شرعی سکالرز بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ قربانی کیلئے شرعی تقاضوں پر پورا اترنے والے صحت مند جانور خریدے جا سکیں۔ جدید مشینوں پر سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان سلاٹر ہاؤسز میں گلوزاور ماسک کے استعمال سمیت حفظان صحت کے تمام اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قربانی کا فریضہ شرعی اصولوں کے مطابق ادا کیا جائے گا۔ گوشت کی تازگی کو برقرار رکھنے کیلئے تھرماپول سے بنے ائیر ٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ گوشت پیک کر کے چلر گاڑیوں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا گوشت حصے داران و مستحقین تک پہنچانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ثناء اللہ خان نے کہاکہ قربانی کے جانور کا صحت مند ہونا،جانور کی رزق حلال سے خریداری، نمود و نمائش سے بالاتر ہو کر خالص اللہ کیلئے قربانی کی نیت کرنا حلال کے بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تک گوشت اور خون نہیں بلکہ نیت جاتی ہے اس لئے نیت اللہ کے بندوں تک بروقت گوشت پہنچانا ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ منہاج ویلفیئر فاؤ نڈیشن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ اجتماعی قربانی کے حصہ داران کے اعتماد پر پورا اترتی ہے اور قربانی کیلئے ایک شفاف نظام کے تحت جانور خریدے جاتے ہیں اور انہیں ذبح کرنے سے لے کر گوشت بنانے تک جدید سلاٹر ہاؤس کی خدمات لی جاتی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top