اطاعت کے بغیر محبت کے دعوے بے معنی ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
قدوۃ اولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی کے عرس کی تقریب سے خطاب
تقریب میں خرم نواز گنڈا پور، رانا ادریس، رفیق نجم، جواد حامد، شہزاد رسول، راجہ زاہد کی شرکت
لاہور (09 جون 2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نقیب الاشراف قدوۃ الاولیا سیدنا طاہر علاؤالدین القادری، الگیلانی البغدادیؒ کے سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اطاعت کے بغیر اخلاص کے دعوے بے کار ہیں، اسلام دعوؤں نہیں عمل کا دین اور ضابط حیات ہے۔
انھوں نے کہا کہ قدوۃ اولیاء سیدنا طاہر علائالدین القادری، الگیلانی البغدادیؒ اتباع شریعت میں کمال درجہ پر فائز تھے اور آپ زہدوتقوی کے اعتبار سے اولیاء کاملین سلف صالحین میں سے تھے،آپ کو دین مصطفیٰ سے زیادہ کسی اور چیز سے محبت اور رغبت نہیں تھی، صوفیا کے طریق پر آپ کا دسترخوان شاہانہ اور بہت وسیع تھا لوگوں کو کھانا کھلانا آپ کی خاص عبادت تھی، حضور قدوۃ اولیاء اللہ کے سوا کسی کے حاجت مند نہ تھے، آپ شاہوں کے درباروں اور ان سے نسبت کے اعتبار سے بے نیاز تھے۔
شیخ الاسلام نے کہا کہ میری ان سے 26 سال براہ راست نسبت و ارادت رہی مگر انھوں نے کبھی اپنی زبان سے ایسا جملہ ادا نہیں کیا جو قرآن و سنت سے مطابقت نہ رکھتا ہو، بے نیازی کے بغیر ولایت اور صوفیت نہیں ہوتی، حضور قدوۃ اولیاء کی عاجزی و انکساری ضبط نفس کا یہ عالم تھا کہ آپ نے کبھی اپنی زبان سے نہیں کہا کہ میں نقیب الاشراف اور اولاد علی میں سے ہوں۔ انھوں نے کہا کہ عمل کے بغیر اہل اللہ سے محبت کے دعوے بے کار اور نفس کی دھوکہ دہی ہے۔
عرس کی تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ رانا محمد ادریس، انجینئر رفیق نجم، سید الطاف حسین شاہ گیلانی، جواد حامد، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، صوفی مقصود احمد، علامہ لطیف مدنی، علامہ عین الحق بغدادی، ممبر سپریم کونسل میاں مرتضیٰ مرتضائی، شہزاد رسول،حاجی محمد اسحاق،عابد بشیر،آصف سلہریا ایڈووکیٹ، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے عہدیداروں و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، یوم وصال کی تقریب میں ملک کے نامور قرا ونعت خواں حضرات نے ہدیہ تبریک پیش کیا۔ تقریب ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ النبی کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوئی۔
تبصرہ