شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی امت مسلمہ کو حج کی مبارک باد
حج اطاعت خداوندی اور اتحاد و یکجہتی کی روشن مثال ہے:بانی منہاج القرآن
لاہور(15جون 2024ء)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوں حجاج کرام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج اطاعت خداوندی اور اُمہ کے مابین اتحاد و یکجہتی، رواداری اور عجز و انکساری کی عظیم الشان روشن مثال ہے۔ حج محبت الٰہیہ کا مظہر اور اللہ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام فخر و زینت والے لباس کی جگہ صرف دو چادریں اوڑھ کر نفسانی خواہشات کو ترک کر دیتے ہیں۔ نفسانی خواہشات کا ترک کرنا ایام حج تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہر کلمہ گو مسلمان کو تزکیہ نفس، تصفیہ قلب کے لئے عاجزی و انکساری اور اطاعت و وفا شعاری کو ہمیشہ کے لئے اپنے مزاج کا حصہ بنا لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت حجاج کرام کی عبادات کے طفیل ملت اسلامیہ کو اتحاد و یکجہتی کی دولت سے سرفراز کرے۔ امہ کو ہر نوع کی پریشانیوں سے نجات دے۔
تبصرہ