سیدنا عمر فاروقؓ عادل حکمران کی شہرت دوام رکھتے ہیں: ڈاکٹر حسین قادری

آپؓ کے دور خلافت میں 1 ہزار سے زائد شہر فتح ہوئے، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
آپؓ کے قبول اسلام سے مصطفوی جماعت کا رعب و دبدبہ قائم ہوا

Dr Hussain Qadri 2024

لاہور(7 جولائی 2024ء)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خلیفہ دوم، مراد رسولؐ حضرت سیدنا عمر فاروقؓ کے یوم شہادت کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیدنا فاروق اعظمؓ تاریخ میں ایک عادل و منصف حکمران کی شہرت دوام رکھتے ہیں۔ سیدنا عمرفاروقؓ حضور نبی اکرمؐ کے معتمد خاص تھے۔ آپؓ کے قبول اسلام سے اسلام کی شان و شوکت بڑھی اور مصطفوی جماعت کا رعب و دبدبہ قائم ہوا۔ آپؓ مراد رسولؐ اور گلشن مصطفی کے جداگانہ خوشبو والے خوش رنگ پھول تھے۔ یہ وہ خوش بخت اور عالیٰ مرتبت صحابی رسولؐ ہیں جنہیں حیات طیبہ میں بھی اور شہادت کے بعد اپنی آرزو اور تمنا کے مطابق روزہ رسولؐمیں شافع محشر کی معیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروقؓ وہ خوش نصیب صحابی رسول ہیں جنہیں حضور نبی اکرمؐ نے اللہ رب العزت سے اپنی دعامیں مانگا۔ حضرت عمر فاروقؓ ایک کامیاب سربراہ مملکت ہیں جنہوں نے اپنے دور خلافت میں زندگی کے ہر شعبے میں اصلاحات کیں جن سے اقوام عالم ہمیشہ فیض یاب ہوتی رہیں گی۔ خلیفہ دوم نے اپنے دور خلافت میں بہت سی سیاسی، انتظامی، معاشی اصلاحات فرمائیں جن کو اولیات عمر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروقؓ کا عہد تاریخ عالم کا روشن ترین اور درخشاں باب ہے۔ آپ کا نام آج بھی جرأت و استقامت، حق گوئی و بے باکی اور عدل و انصاف کے حوالے سے ضرب المثل ہے۔ سیدنا عمر فاروقؓ 22 لاکھ مربع میل کے مقتدر فرمانروا تھے لیکن آپ کے تقویٰ، سادگی اور زہد و قناعت کا یہ عالم تھا کہ آپؓ کے کرتے پر کئی پیوند لگے ہوتے۔ امیر المومنین سیدنا عمر فاروقؓ نے اپنے دور خلافت میں ایک ہزار سے زائد شہر فتح کئے اور وہاں قرآن و سنت کا حقیقی نظام نافذ فرمایا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top