صوفیا کے حسن سلوک سے اسلام کی روشنی پھیلی: خرم نواز گنڈاپور

بابا فرید الدین گنج شکرؒنے زندگی بھر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات اجاگر کیں
تصوف ہمیں تحمل و برداشت کی تعلیم دیتا ہے۔:ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن

Khurram Nawaz Gandapur

لاہور(10 جولائی 2024) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے 782 ویں عرس مبارک کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوفیا کے حسن سلوک سے بر صغیر میں اسلام کی روشنی پھیلی۔حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒنے زندگی بھر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات اجاگر کیں۔ جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا ذکر کرتے ہیں اللہ ان کے ذکر کو زندہ و جاوید کر دیتا ہے۔اہل اللہ نے اخوت و بھائی چارہ کو فروغ دے کر اسلام کا علم سر بلند رکھا۔ نفرت، تکفیر، حسد و بغض کے الفاظ صوفیائے کرام کی ڈکشنری میں نہیں ہوتے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ صوفیا کرام کے انسانیت دوست کردار کے باعث اسلام کی روشنی برصغیر کے گلی کوچوں تک پھیلی اور لاکھوں انسان ایمان کی دولت سے مالا مال ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تصوف ہمیں تحمل و برداشت کی تعلیم دیتا ہے۔ صوفیا کا مشرب عشق الہیٰ اور انسان دوستی ہے۔ ان کی انسان دوستی ان کے عشق الہیٰ سے پھوٹتی ہے۔ صوفیا کرام خدمت انسانیت میں رضائے الہی تلاش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوفیا اور اولیا اللہ نے اپنے عمل اور قول کے ذریعے انسانی معاشرے کیلئے امن و سلامتی کا پیغام دیا۔ انہوں نے نفرت کی بجائے محبت کا پیغام عام کیا۔ صوفیا کی انسان دوستی دین کے پھیلنے اور مقبولیت کا سبب بنی۔

انہوں نے کہاکہ مخلوق خدا سے شفقت سے پیش آنا،کسی اونچ نیچ کے بغیر تمام انسانوں سے برابری کا سلوک کرنا دراصل روح اسلام ہے۔ صوفیا کرام نے محبت، بھائی چارے، رواداری اور اخلاقیات کا درس دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top