مسلمان بہترین اخلاق کے ساتھ اسلام کے ترجمان بنیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
حضور نبی اکرم ﷺ نے اخلاق اور کردار سنوارنے پر سب سے زیادہ محنت کی
مغرب میں مقیم نوجوان جدید علوم کے ساتھ اسلام کے داعی بنیں
لاہور (13 جولائی 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آسٹریلیا (ملبورن) میں الہدایہ کیمپ 2024ء کے پہلے سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان بہترین اخلاق کے ساتھ اسلام کے ترجمان بنیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے اخلاق اور کردار سنوارنے پر سب سے زیادہ محنت کی۔ مغرب میں مقیم نوجوان جدیدعلوم کے ساتھ اسلام کے داعی اورایک ذمہ دار شہری بنیں، امہ کے افراد کے مثالی کردار سے اسلام کا وقار بڑھے گا اور دیگر کمیونٹیز متوجہ ہونگی، اسلام محض اقوال کا نہیں اعمال کا دین ہے۔ وعظ سے زیادہ عمل متاثر کن ہوتا ہے۔ سیرت طیبہ ہم سب کے لئے رول ماڈل ہے۔ بدترین دشمنان اسلام بھی اپنی امانتیں آپؐ کے سپرد کرتے تھے اور جانی دشمنی کے باوجود ان کی زبانیں اور ان کے دل میں آپ کی صداقت و امانت کی گواہی دیتی تھیں۔ امہ کے بیٹے اور بیٹیاں اپنے اعمال، افعال اور اقوال میں سیرت مصطفیؐ کی جھلک پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں نوجوانوں کی جدید دینی خطوط پر تربیت کررہی ہے۔ منہاج القرآن کے سکالرز شرق و غرب میں دین کی ترویج و اشاعت میں مصروف ہیں۔ میں ان کی توفیقات میں اضافہ کے لئے دعا گو ہوں۔ الہدایہ کیمپ 2024ء میں خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
الہدایہ تربیتی سیشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، آسٹریلیا تنظیم کے ذمہ داران اور مختلف مکتب فکر کے سکالرز، سول سوسائٹی اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد شریک تھے۔
تبصرہ