اہل بیت کی محبت نیکی اور بغض گناہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

آل رسول ﷺ سے عقیدت کا اجر قیامت کے دن کئی گنا بڑھا ہوا ملے گا

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

لاہور (16 جولائی 2024ء)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اہل بیت اطہارکی محبت و مودت ایک ایسا نیک عمل ہے جس کا اجر و ثواب قیامت کے روز بڑھا ہوا ملے گا۔ اللہ رب العزت نے سورہ شوریٰ میں فرمایا ”اور جو شخص نیکی کمائے گا ہم اس کے لئے اس میں اخروی ثواب اور بڑھا دیں گے“۔امام حسن بن علیؓ سے کسی نے پوچھا اس آیت کریمہ میں کس نیکی کا ذکر کیا گیا ہے؟۔ آپؓ نے فرمایا اس سے مراد ”ہم اہل بیت کی محبت و مودت ہے“۔

حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺنے فرمایا اگر کوئی شخص حجر اسود اور مقام ابراہیم کے درمیان ساری زندگی ایک ٹانگ پر کھڑا ہو کر عبادت کرتا رہا ہو مگر جب اس کی موت کا وقت آئے تو اس وقت بنی ہاشم یعنی آل محمد کا بغض اس کے دل میں ہو تو اللہ رب العزت اس کی ساری زندگی کی نیکیاں اور مقام ابراہیم و حجر اسود کے درمیان گزارا ہوا وقت بھی رائیگاں کر دے گا اور اسے اوندھے منہ دوزخ کی آگ میں گرادے گا۔

آئمہ مفسرین کے نزدیک سورہ شوریٰ میں بڑھنے والی جس نیکی کا ذکر کیا گیا ہے اس نیکی سے مراد اہل بیت اطہار کی محبت ہے۔ امام قرطبّی اپنی تفسیر میں سیدنا عبداللہ ابن عباسؓ کا قول نقل کرتے ہیں آپ سے پوچھا گیا قرآن مجید میں ایک ایسی نیکی کا ذکرہے کہ جو یہاں کریں گے اور اس کا اجر اخروی زندگی میں بڑھتا چلے جائے گا وہ کون سی نیکی ہے؟ آپؓ نے فرمایا وہ نیکی آل محمدؐ سے محبت ہے، اہل بیت کی محبت سے سرشار لوگوں کو ہر نیکی کے بدلے 10 گنا ثواب لکھا ہوا ملے گا۔

امام ثعلبی نے ایک روایت نقل کی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت علیؓ نے حضرت عبداللہ الھزلی کو اپنی بارگاہ میں بلایا اور فرمایا کہ اے عبداللہ آپ چاہتے ہیں کہ میں آج ایک عجیب و غریب خبر دوں کہ بندہ قیامت کے دن ایک ایسی نیکی اپنے ساتھ لے کر آئے گا کہ اللہ تعالیٰ بغیر سوال و جواب کے اسے جنت میں داخل کر دے گا اور کوئی بندہ ایک ایسی برائی لے کر قیامت کے دن آئے گا کہ اللہ رب العزت اسے جہنم میں ڈال دے گا عرض کیا کہ ارشاد فرمائیں، آپؓ نے فرمایا ”وہ نیکی ہماری محبت ہے اور وہ برائی ہمارا بغض ہے“۔ اللہ رب العزت ہمیں اہل بیت اطہار کی محبت و مودت کے جام نصیب فرمائے اور ہم اسی محبت سے سرشار اس دنیا میں آخری سانس لیں اور اس نیکی کے صدقے اللہ ہمارے گناہوں سے درگزر کرے اور ہمیں بخشش دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top