سیدنا امام حسینؑ کی قربانی سے انسانیت کو جرات اظہار ملی :علامہ رانا ادریس قادری

امام عالی مقام نے دم توڑتی دینی اقدار کا احیاء کیا:نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
اہل بیت اطہار ﷺ سے محبت ایمان کی بنیاد ہے
منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام”پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس“ سے خطاب

Imam Hussain Conference Aziz Bhatti Town

لاہور (15جولائی 2024) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسینؑ کی قربانی سے انسانیت کو جرات اظہار ملی۔ امام عالی مقامؑ نے دم توڑتی دینی اقدار کا احیاء کیا۔ اہل بیت اطہار ﷺ سے محبت ایمان کی بنیاد ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کی ذات اقدس عالم انسانیت کیلئے سرچشمہ کردار و عمل ہے۔ حضرت امام عالی مقام نے گناہ آلود معاشرے کو دینی اقداراور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کیلئے جدوجہد کی۔ حضرت امام حسینؑ کا مقصد مٹتی ہوئی دینی قدروں کو بچانا تھا۔ حضرت امام حسینؑ کی قربانی کی نظیر صبح قیامت تک نہیں مل سکے گی۔ شہادت امام حسینؑ وہ عظیم باب ہے جس نے انسانیت کو زندگی کی اقدار سے آشنائی دی۔ شہادت امام حسینؑ نے انسانی اقدار کو وہ جلاعطا کی جو رہتی دنیا تک انسانی تاریخ میں باعث فخر رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں تحریک منہاج القرآن لاہور(عزیز بھٹی ٹاؤن) کے زیراہتمام”پیغام شہادت امام حسینؑ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایمان کا تقاضا ہے کہ امام عالی مقامؑ اور اہل بیت رسول ﷺ کے ساتھ محبت اور مودت رکھی جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیدنا امام حسینؑ اور اہل بیت اطہار کو اذیت پہنچانا رسول اکرم ﷺ کو اذیت پہنچانا ہے اور رسول اکرم ﷺ کو اذیت پہنچانا کفر ہے۔ قرآن حکیم میں رسول اکرم ﷺ کو اذیت پہنچانے والوں کیلئے سخت اور درد ناک عذاب کی سزا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ میں تم میں دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں اگر ان کے ساتھ جڑے رہو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے۔ان میں ایک قرآن حکیم اور ایک اہل بیت اطہار ہیں۔ اہل بیت اطہار حق ہیں وہ جس طرف ہوں گے حق بھی اسی طرف ہو گا۔ حضرت امام حسین ؑ حق ہیں اور یزید سراسر باطل ہے۔

کانفرنس میں صدر منہاج القران لاہور پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم منہاج القران لاہور امجد حسین چوہدری، حاجی امجد علی قادری، معراج خالد قادری، افضل حسین بھٹی، قمر اقبال، محمد عثمان اسلم، حاجی احمد صادق سمیت کانفرنس کے میزبانوں شہباز حسین بھٹی، محمد اسلم پرویز، میاں محمد اسلم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top