نواسہ رسولؐ کی سیرت و کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس

اسوہ حسینی سے ہمیں حق و سچائی کا ساتھ دینے اور ظلم و جبر کے خلاف صدا بلند کرنے کا سبق ملتا ہے
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Rana Idrees Qadr Adressing Khutaba Jummah

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن، علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ نواسہ رسولؐ حضرت سیدنا امام حسینؓ تقویٰ و طہارت کا پیکر تھے۔ حضرت امام حسینؓ کی حیات طیبہ بے شمار خوبیوں اور فضائل سے عبارت تھی۔ نواسہ رسولؐ کی سیرت و کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سیدنا امام حسینؓ کی سیرت و کردار سے روشنی و رہنمائی لیتے ہوئے اپنے افکار و کردار کو پاکیزہ بنائیں اور اہل بیت اطہار کے ساتھ اپنی قلبی عقیدت و محبت کا اظہار کریں جو کہ اُخروی نجات کا ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی دین و دنیا دونوں سنوار سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں سر کٹا کر حق و صداقت کا علم بلند کیا اور دین اسلام کو تاقیامت بقا بخشی۔ حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی پوری انسانیت کے لیے تھی۔ اسوہ حسینی سے ہمیں حق و سچائی کا ساتھ دینے اور ظلم و جبر کے خلاف صدا بلند کرنے کا سبق ملتا ہے۔

واقعہ کربلا سچائی کی خاطر ڈٹ جانے اور باطل کے سامنے سر نہ جھکانے کی لازوال داستان ہے۔ معاشرے میں عدل و انصاف کے لیے اسوہ حسینی کو بطور ماڈل اپنانا ہو گا۔ شہداء کربلا حق کے راستے پر چلنے والے تمام قافلوں کے لیے یہ پیغام چھوڑ گئے کہ فتح کا دارو مدار اکثریت یا اقلیت پر نہیں بلکہ نظریہ اور نصب العین کی سچائی پر ہوتا ہے۔

Rana Idrees Qadr Adressing Khutaba Jummah

Rana Idrees Qadr Adressing Khutaba Jummah

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top