ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا وکٹوریا میں جمعہ کے اجتماع سے محبتِ اہل بیت اطہارؑ کے موضوع پر خطاب

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Adressing Khutaba Jummah at Victoria

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع مسجد منہاج القرآن وکٹوریا میں جمعہ کے اجتماع سے محبتِ اہل بیت اطہار علیہم السلام کے موضوع پر خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت اللہ اور اس کے رسول کی محبت و قربت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ ماہِ محرم الحرام محبتِ اہلِ بیت کی تذکیر کا مہینہ ہے، خانوادرۂ رسولﷺ کے ذکر سے ہم حضور تاجدارِ کائنات ﷺ سے اپنے روحانی تعلق کو مضبوط کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرمﷺ اپنے اہل بیت سے حد درجہ محبت فرماتے تھے، آپ ﷺ نے اہل بیت کی محبت کو اپنی سنت بنایا، یہی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا طریق تھا، جو اُمت کے لیے ہدایت اور راہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
حضرت یعلیٰ بن مرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم حضور نبی اکرم ﷺ کے ساتھ ایک کھانے کی ایک دعوت میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے، دیکھا تو امام حسین علیہ السلام گلی میں کھیل رہے ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ لوگوں سے آگے نکل گئے، اور اپنے دونوں ہاتھ حضرت حسین علیہ السلام کی طرف پھیلا دیے، امام حسین علیہ السلام بچے تھے، وہ ادھر ادھر بھاگنے لگے، حضور نبی اکرم ﷺ ان کو ہنسانے لگے، یہاں تک کہ آپ ﷺ نے ان کو پکڑ لیا (اور گود ميں اٹھا لیا)، پھر آپ ﷺ نے اپنا ایک ہاتھ اُن کی ٹھوڑی کے نیچے اور دوسرا سر پر رکھ کر اُن کا بوسہ لیا، اور فرمایا: ”حسین مجھ سے ہیں اور میں حسین سے ہوں، اللہ اس سے محبت رکھے جو حسین سے محبت رکھے، اور حسین نواسوں میں سے ایک نواسہ ہے“۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اہل بیت اور صحابہ کرام سے محبت اور عقیدت میں ہمیشہ اعتدال رکھنا چاہیئے تاکہ ہم افراط و تفریط سے بچ کر عقیدۂ اہل سنت پر قائم رہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اہل بیت کی محبت میں ہمیشہ حضور نبی اکرمﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے اُسوہ و سیرت کو اپنانا چاہیے اور ہمیں بھی اسی طرح اہل بیت سے محبت کرنی چاہیئے جیسے صحابہ کرام اور سلف صالحین نے کی، یہی ہماری دنیاوی و اُخروی کامیابی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تحریک منہاج القرآن حضور ﷺ کے در کی خیرات اُمت میں تقسیم کر رہی ہے، ہمارے شیخ، ہمارے مربی حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کا ہمیشہ سے معمول رہا ہے کہ وہ جب بھی حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوتے ہیں تو پہلے آپ کے اہل بیت کے در پر حاضری دیتے ہیں۔

جمعہ کے روحانی اجتماع میں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری سمیت تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اختتام پر حضور تاجدارِ کائناتﷺ کی بارگاہِ عالیہ میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا گیا اور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے اُمت مسلمہ اور پاکستان کے لیے امن و سلامتی کی خصوصی دعا کروائی۔

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Adressing Khutaba Jummah at Victoria

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Adressing Khutaba Jummah at Victoria

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Adressing Khutaba Jummah at Victoria

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Adressing Khutaba Jummah at Victoria

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri Adressing Khutaba Jummah at Victoria

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top