منہاج القرآن لاہورکے تحت ایک روزہ موبائل ہسپتال ومیڈیکل کیمپ کا انعقاد

تین سو سے زائد مریضوں کا چیک اپ مفت ادویات مہیا کی گئیں
یرقان، شوگر، ملیریا، پی سی آر و دیگر ضروری ٹیسٹ بھی مفت کئے گئے
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھے گی: امجد چوہدری
منہاج القرآن کا مقصد اور نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے: ناظم لاہور

Free Medical Camp Under MWF

لاہور(21 جولائی 2024) تحریک منہاج القرآن لاہور(منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن)کی جانب سے کینال روڈ محافظ ٹاؤن لاہور میں ایک روزہ موبائل ہسپتال ومیڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ میں ماہر و تجزیہ کار ڈاکٹرز نے تین سو سے زائد مریضوں کو چیک کیا اور مفت ادویات بھی مہیا کیں۔ میڈیکل کیمپ میں مرد و خواتین ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف و دیگر طبی عملہ بھی موجود تھا۔

ایک روزہ میڈیکل کیمپ میں یرقان، شوگر، ملیریا، پی سی آر و دیگر ضروری ٹیسٹ بھی مفت کئے گئے۔ میڈیکل کیمپ میں موجود طبی عملہ نے حفظان صحت، ڈینگی سے بچاؤ سمیت مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور علاج کے حوالے سے آگاہی لیکچرز بھی دئیے۔ میڈیکل کیمپ میں آئے مریضوں اور اہل علاقہ نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عوامی بہبود کیلئے عملی اقدامات کی تعریف کی اور ایسے شاندار عوامی فلاحی منصوبہ جات پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناظم لاہور تحریک منہاج القرآن امجد چوہدری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے مختلف علاقوں میں نادار اور مستحق لوگوں کو صحت عامہ کی جدید سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کی غرض سے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھے گی۔ تحریک منہاج القرآن کا مقصد اور نصب العین دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔

دریں اثنا کوآرڈینیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کیپٹن (ر) عبد المجید، میاں ممتاز حسین و دیگر رہنماؤں نے ایک روزہ موبائل ہسپتال و میڈیکل کیمپ کا وزٹ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا،کیمپ میں موجود مریضوں سے گفتگو کی۔ رہنماؤں نے بہترین انتظامات پر عثمان اختر،محمد ریحان چوہدری، عمار علوی، چوہدری محمد اقبال، چوہدری مبین اقبال، جنید کلیم، محمد ارشد، عطا حسین صدیقی، محمد لیاقت اور رئیس احمد سمیت دیگر منتظمین و رضاکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top