منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز‘‘ کورس کا آغاز کر دیا گیا
10 روزہ کورس میں 550 سے زائد مرد و خواتین شریک ہو رہے ہیں
ڈپلومہ کورس میں علم تجوید، عربی گرائمر، ترجمۃ القرآن، تفسیر کے مضامین پڑھائے جا رہے ہیں
لاہور (23جولائی 2024) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی نظامت ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام ’’ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز‘‘ کورس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ قرآن کو درست تلفظ کے ساتھ پڑھنے اور تلاوت قرآن حکیم کی تعلیم دینے کیلئے 10 روزہ ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز کورس میں 550 سے زائد مرد و خواتین شریک ہو رہے ہیں۔ اس ڈپلومہ کورس میں مکمل علم تجوید، عربی گرائمر، ترجمۃ القرآن، تفسیر القرآن، فن خطابت و نقابت اور شخصیت سازی کے مضامین پڑھائے جا رہے ہیں۔ کورس کی تدریس کے فرائض مرکزی کوآرڈینیٹرعلامہ محمود مسعود اور سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ محمد سرفراز قادری انجام دے رہے ہیں۔
ایبٹ میں جاری 10 روزہ کورس کے دوسرے روز گفتگو کرتے ہوئے علامہ محمود مسعود نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد اور مقصد لوگوں میں فہم قرآن اور اطاعت رسول ﷺ کا شعور بیدار کرنا ہے۔ قرآن سے تعلق مضبوط کرنے اور اس کی تعلیم و تدریس کے ذریعے دنیاوی، معاشی فکر سے آزادی اور قیامت کے روز شفاعت کی بشارت دی گئی ہے۔ تحریک منہاج القرآن قرآن فہمی کے فروغ کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔ کوشش ہے کہ ان کورسز کو جلد بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے اور پورے ملک میں قرآن کلچر کا آغاز ہو تاکہ ہماری نوجوان نسل کا قرآن سے ٹوٹا ہوا تعلق دوبارہ بحال کیا جا سکے۔
علامہ محمد سرفراز قادری نے کہا کہ قرآن حکیم کو سمجھنے کیلئے اس کے سیاس و سباق سے آگہی ضروری ہے جو فہم قرآن کے لازمی تقاضوں میں سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن حکیم جس راستے کی رہنمائی کرتا ہے وہ سب سے مضبوط سب سے اچھا اور سب سے سیدھا راستہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن ایبٹ آباد کے زیر اہتمام ’’ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز‘‘ کورس جلال بابا آڈیٹوریم میں جاری ہے۔
تبصرہ