قرآن مجید کا فہم حاصل کرنا ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے: علامہ محمود مسعود
قرآن مجید کا فہم حاصل کرنا ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے: علامہ محمود مسعود
قرآن مجید کو تمام انسانوں کی ہدایت کیلئے نازل کیا گیا: مرکزی کوآرڈینیٹر
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام 10روزہ ’’ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز‘‘ کورس سے خطاب
لاہور(28جولائی 2024)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی نظامت ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام 10 روزہ ’’ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز‘‘ کورس کے تیسرے روز کثیر تعداد میں مرد و خواتین سینیئر وکلاء نے شرکت کی۔ مرکزی کوآرڈینیٹرعلامہ محمود مسعود نے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو تمام انسانوں کی ہدایت کیلئے نازل فرمایا ہے۔حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”تم میں وہ شخص سب سے بہتر ہے جو قرآن کو سیکھے اور سکھائے“ انہوں نے کہاکہ قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا اس کی تعلیمات پر خود عمل کرنا اور اس کی تعلیمات کو دوسرے لوگوں تک پہنچانا اس قدر ضروری ہے کہ اس کے بغیر کوئی بھی انسان نہ دنیا میں کامیاب زندگی گزار سکتا ہے اور نہ ہی آخرت کی زندگی میں کامیاب ہو سکتا ہے، اس لئے قرآن مجید کوسمجھنا اور اس کا فہم حاصل کرنا ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز جیسا قرآن فہمی کا یہ پروگرام آج نوجوانوں کی اہم ضرورت ہے۔موجودہ دور میں ہر طرف بے راہ روی، علم سے دوری، اخلاقی تنزلی اور ہر ہر جہت سے یہ دور تنزلی کا شکار ہے۔ اس دور میں قرآن و علوم القرآن کی شمع جلانا انتہائی ضروری ہے یہ فریضہ تحریک منہاج القرآن اپنی نظامتِ ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے ذریعے انجام دے رہی ہے۔ ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز کورس میں علم تجوید، عربی گرائمر، ترجمۃ القرآن، تفسیر القرآن، فن خطابت و نقابت اور شخصیت سازی کے مضامین پڑھائے جا رہے ہیں۔
ایبٹ آباد میں جاری 10روزہ ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز کے تیسرے روز وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وکلا رہنماؤں نے انتہائی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری آج کے دور میں نہ صرف پوری امت مسلہ بلکہ پوری انسانیت کی علمی، عملی، اخلاقی، روحانی، معاشی، اعتقادی، عائلی، معاشرتی اور فکری و نظریاتی تربیت کا اہتمام کر رہے ہیں اسی سلسلہ کی ایک کڑی ڈپلومہ ان قرآن سٹڈیز کے پروگرام ہیں یہ وہ پروگرام ہے جس میں واقع ہی زندگیاں بدل دینے والا پروگرام ہے۔
تبصرہ