مستحقین کی مدد سے انکار ایمان سے انکار ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 07 اگست 2024ء

چیرٹی ایک مذہبی فریضہ ہے، اس سے تقویٰ اور قربت الٰہی نصیب ہوتی ہے
منہاج القرآن کے بانی کا سڈنی میں منہاج ویلفیئر کی تقریب میں اظہار خیال

shaykh-ul-islam addresses sydney mega conference

لاہور/ سڈنی (6 اگست 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اولمپک پارک سڈنی (آسٹریلیا) میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سماجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت اللہ کی امانت ہے، خوشحال لوگوں پر لازم ہے کہ وہ ضرورت مندوں پر خرچ کریں۔ چیرٹی ایک مذہبی فریضہ ہے۔ یتیموں،محتاجوں اور مستحقین کی مدد سے انکار ایمان سے انکار ہے۔ انسانیت کی بہتری کے لئے سوچنا اور حیثیت کے مطابق ضرورت مندوں کی مدد کرنا نیکی ہے، ایسے نیک اعمال سے پاکیزگی و طہارت کے ساتھ ساتھ اللہ کی قربت نصیب ہوتی ہے۔ ضرورت مندوں کی مدد کرنا احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق ہے۔ اللہ کا حکم ہے کہ ضرورت سے زائد مال لوٹا دو اللہ نے ضرورت سے زائد مالی آسودگی عطا کر کے درحقیقت آپ کو امانت دار بنایا ہے کہ اللہ کے دئیے ہوئے مال میں سے حق داروں پر خرچ کرو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کا معاشی نظام غربت کے خاتمے کی ضمانت ہے۔ اسلام میں ارتکاز دولت، ذخیرہ اندوزی، رشوت ستانی، سود خوری کو حرام قرار دیا گیا ہے اور اس کے متبادل کے طور پر تجارت، عشرو زکوٰۃ، صدقہ وخیرات کی تعلیم دی گئی ہے۔ ان اعمال اور افعال میں رزق کی کشادگی اور برکت ہے۔

تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ احمد مصطفی العربی، ایم ڈی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل فیصل حسین، ایم ڈی آسٹریلیا روحیل دالوی، ڈائریکٹر آپریشن عدنان سہیل، جنرل سیکرٹری میاں واثق، ڈائریکٹر آپریشن خواجہ حسنین، صدر منہاج ایشیا پیسفک کونسل ظفر خان نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

فیصل حسین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تقریب کے ذریعے اسلام کے فلاح عامہ کے تصور اور آسودہ حال افراد میں مذہبی ذمہ داریاں اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیرٹی سے سماج میں باہمی احترام و اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور اعتدال و رواداری کے جذبات نمو پاتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top