سوشل میڈیا پر ڈالروں کے لیے کفر کے فتوے اور گالیاں دی جا رہی ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
دین فروشی اور گالم گلوچ سے نئی نسل کو اسلام سے بد ظن کیا جا رہا ہے
اسلام اخوت، رواداری اور امن و سلامتی کی اقدار کا محافظ دین ہے
منہاج القرآن کے بانی کا ملائشیا، کوالالمپور میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب
لاہور،/کوالالمپور (11 اگست2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملائشیا کوالالمپور میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈالروں کے لیے کفر کے فتوے اور گالیاں دی جا رہی ہیں، نوجوانوں کے اخلاق بگاڑے اور دین فروشی اور گالم گلوچ سے نئی نسل کو اسلام سے بد ظن کیا جا رہا ہے، اسلام اخوت، رواداری اور امن و سلامتی کی اقدار کا محافظ دین ہے، مگر دین کا لبادہ اوڑھ کر دین فروشی کی جا رہی ہے اور نئی نسل کو اسلام کی اقدار سے متنفر کیا جا رہا، علمائے کرام، مشائخ وپیران کرام اس فتنہ کے خلاف اٹھیں اور خانقاہوں، منبر و محراب کے حقیقی کردار کو بحال کریں۔
کانفرنس میں جاپان، ہانگ کانگ، کوریا، مشرق وسطیٰ، یورپ سے وفود شریک ہوئے ملائشیا سے علماء کرام، یونیورسٹیز کے اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائشیا کی طرف سے کیا گیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری،شیخ احمد العربی، راجہ زاہد محمود، علی عمران، محمد موسیٰ نے خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، پیغمبر اسلام نے انسانیت کی فلاح کے لیے تعلیمات دیں اسلام نفرت اور انتقام نہیں محبت و اخوت کی تعلیم دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر دین کا لبادہ اوڑھ کر کفر کے فتوے جاری کرنے والے دین کی قدریں مسخ کر رہے ہیں، جو زیادہ گالیاں دیتا ہے، زیادہ کفر کے فتوے جاری کرتا ہے اسے زیادہ ڈالر ملتے ہیں اس فتنے کو روکنا ہوگا، امت کے تعلیم یافتہ طبقہ ایسے گالی گلوچ کے ماحول کو مسترد کرے،نوجوانوں کو ایجوکیٹ کیا جائے، ناسمجھی میں نفرت انگیز ماحول کو وائرل نہ کیا جائے ایسے دین فروش عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص چاہتا ہے کہ اللہ سے اس حال میں ملے کہ اللہ رب العزت اس سے خوش ہوں تو وہ حضور علیہ الصلاۃ و السلام کی سیرتِ طیبہ کا دامن تھام لے۔کانفرنس کے آغاز سے قبل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فتنہ خوارج اور انسداد دہشت گردی پر مرتبہ کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی۔ یہ کتاب 6 سو صفحات پر مشتمل ہے اور کتاب میں فتنہ خوارج کے حوالے سے قرآن و سنت کی روشنی میں مفصل بحث کی گئی ہے۔
تبصرہ