منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام 77ویں یوم آزادی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

مورخہ: 13 اگست 2024ء

مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے والینٹیئرز کو انسان دوست چیمپئنز ایوارڈ دیے گئے
پاکستان بننے کے بعد پہلا کام خدمت خلق کا تھا، خرم نواز گنڈاپور ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
خدمت خلق کرنے والے کارکنوں کی خدمات کا اعتراف کرکے 77ویں یوم آزادی کو یاد گار بنا دیاگیا

Independence Day 2024 Ceremony Under Minhaj ul Quran

لاہور(13 اگست 2024ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور، منہاج القرآن لاہور اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے زیراہتمام 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر انسانی زندگی کے مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے والینٹیئرز کو انسان دوست چیمپئنز ایوارڈ دیے گئے۔

یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب پذیرائی سے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور،نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افئیرز نوراللہ صدیقی،صدر منہاج القرآن لاہور پروفیسر ذوالفقار علی،ڈائریکٹر آپریشن منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انجینئر ثناء اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر تنظیمات ایم ڈبلیو ایف، اشتیاق حنیف مغل، زونل کوآرڈی نیٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور زون کیپٹن (ر) عبدالمجید، صدر پی اے ٹی لاہور ثاقب بھٹی نے اظہار خیال کیا۔

خرم نواز گنڈا پور نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے ذمہ داران کو مبارک دی کہ انہوں نے خدمت خلق کرنے والے کارکنوں کی خدمات کا اعتراف کرکے 77ویں یوم آزادی کو یاد گار بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد پہلا کام خدمت خلق کا تھا، مہاجرین کی بحالی کے لئے شاندار خدمت خلق کی گئی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور نے تحریک پاکستان کی تاریخی یادوں کو زندہ کیا۔

پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ اسلام میں خدمت خلق افضل ترین عبادت ہے، انہوں نے 77ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد دی۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم آزادی پر پیغام دیا ہے کہ اتحاد بین المسلمین کے جذبات کو فروغ دے کر پاکستان کو مضبوط بنائیں۔ نوراللہ صدیقی نے کہا کہ کارکن سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کا بائیکاٹ کریں۔

انجینئر ثناء اللہ نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم اپنے عمل، دستیاب وسائل اور اپنے ہمدردانہ رویے سے دکھی انسانیت کی خدمت کر سکتے ہیں۔

تقریب سے ثاقب بھٹی نے اظہار خیال کرتے کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم عظیم راہنما تھے ان کی فکر کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کیپٹن (ر) عبدالمجید نے انجام دیئے،منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی نمائندگی نورین علوی اور فہنیقہ ندیم نے کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top