ہانگ کانگ: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی منہاج القرآن Hung Shui Kiu کے ورکرز کنونشن میں شرکت و گفتگو
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کی منہاج القرآن Hung Shui Kiu کے ورکرز کنونشن میں شرکت و گفتگو، ورکرز کنونشن میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، محترمہ صفہ حماد قادری اور شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ میں نے تحریک منہاج القرآن کا نام قرآن مجید کی آیت "لِکُلٍّ جَعَلۡنَا مِنۡکُمۡ شِرۡعَۃً وَّ مِنۡہَاجًا" سے اخذ کیا ہے، منہاج القرآن کا مطلب ہے قرآن کا راستہ ہے۔ تحریک منہاج القران کے ممبرز رفیق کہلاتے ہیں، لفظِ ”رفیق“ کی اصطلاح قرآن پاک کی آیت مبارکہ ”حَسُنَ اُولٰئِکَ رَفِیقًا“ (یہی وہ لوگ ہیں جو (اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے) بہت اچھے ساتھی ہیں) سے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ افراد جو اللہ اور اس کے رسول مکرمﷺ کے دین کی تجدید اور احیاء کے لیے اپنے ذاتی مفادات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے جہد مسلسل کرتے ہیں، وہی حقیقت میں اللہ اور اس کے رسولﷺ کے بہترین ساتھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی نشست کا پیغام اور تحریک منہاج القران کی رفاقت کا مطلب بھی یہی ہے کہ آپ اپنی زندگیاں بدلیں، آپ کے اخلاق، اعمال اور طرزِ عمل بدل جائیں، آپ کے اخلاق میں حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ کی جھلک نظر آئے۔ آپ لوگ دعوتِ دین کا یہ پیغام گھر گھر تک پہنچائیں اور لوگوں کو اس قافلے کا حصہ بنائیں۔
اختتام پر شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے تنظیمی امور میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ذمہ داران کو شیلڈز سے نوازا۔
ورکرز کنونشن میں صدر منہاج ایشین کونسل میاں علی عمران، جنرل سیکرٹری منہاج ایشین کونسل محمد حفیظ، علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی، سید تنویر شاہ، صاحبزادہ محمد عدنان سیالوی سمیت بڑی تعداد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے رفقاء شریک ہوئے۔
تبصرہ