داعی کے کلمات سے زیادہ اس کا کردار اہم ہوتا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
ہانگ کانگ میں اسلامک سکالرز، منہاج القرآن کے عہدیداروں کی فکری نشست سے خطاب
منہاج القرآن کے بانی 6روزہ دورہ پر ہانگ کانگ ہیں،21 اگست کو ساؤتھ کوریا جائیں گے
لاہور (17 اگست 2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہانگ کانگ میں پاکستانی کمیونٹی، مقامی سول سوسائٹی اور منہاج القرآن کے سکالرز کی خصوصی، فکری و تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان اور قرآن لازم و ملزوم ہیں۔ داعی دین کے کلمات سے زیادہ اس کا کردار اہم ہوتا ہے۔ قرآن نور ہدایت ہے آج بھی اگر امت اس کا دامن تھام لے تو کھویا ہوا مقام بحال ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی تحریک کا نام منہاج القرآن رکھا ہے، یعنی قرآن کا راستہ۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کی فکر اور علوم القرآن کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے تحریک قابل تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔
فکری نشست میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، شیخ حماد مصطفی، صفہ حماداور شیخ احمد نے شرکت کی۔میاں علی عمران،محمد حفیظ، علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی، سید تنویر شاہ، صاحبزادہ محمد عدنان سیالوی بھی شریک تھے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہاکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام ہر گھر اور کان تک پہنچانا بحیثیت مسلمان ہم سب کی دینی و ملی ذمہ داری ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے سب سے زیادہ محنت اخلاق و کردار سنوارنے پر کی۔ صالح کردار ہی وہ اعلیٰ انسانی وصف ہے جو دوسروں کے دل میں احترام کے جذبات پیدا کرتا ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ کے بہترین اخلاق اور کردار کی وجہ سے دشمنان اسلام آپ ﷺکی طرف متوجہ اور اسلام کی دولت سے مالا مال ہوتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ علما، مبلغین، اسلامک سکالرز غیر اسلامی معاشروں میں اخلاق و کردار کا نمونہ بنیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام میں انتہا پسندی، تنگ نظری اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست 6 روزہ تنظیمی و دعوتی دورہ پر ہانگ کانگ میں ہیں۔ شیخ الاسلام آج 18 اگست ہانگ کانگ کے شہر Hung shui kiu میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ شیخ الاسلام 21اگست کو دعوتی و تنظیمی دورہ پر ساؤتھ کوریا جائیں گے۔
تبصرہ