داتا علی ہجویریؒ نے قرآن و سنت کی روشنی میں حقیقی تصوف کے اصول وضع کیے: علامہ رانا محمد ادریس

مورخہ: 23 اگست 2024ء

صوفیا کرام نے اپنے کردار و عمل سے غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب کیا
صوفیا کرام نے ہر دور میں انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے کام کیا: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القر آن

Allama Rana Muhammad Idrees Qadri

لاہور(23 اگست2024ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القر آن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒکی پاکیزہ زندگی اور تعلیمات سے ہمیں طبیعت کی وسعت اور نفس کی سخاوت وفراخی کا درس ملتا ہے۔ صوفیا کرام نے ہر دور میں انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے کام کیا، ہمیشہ امن، سلامتی اور رواداری کے پرچم کو بلند رکھا۔

حضرت سید علی ہجویری المعروف داتا صاحبؒ نے قرآن و سنت کی روشنی میں حقیقی تصوف کے اصول وضع کیے۔ جو صدیوں سے راہ تصوف کے مسافروں کو منزل پر پہنچنے کا یقین فراہم کر رہے ہیں، اگر ہم نے تعلیمات صوفیا کو فروغ نہ دیا تو اندھیروں میں بھٹکتے رہے گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ برصغیر میں اسلام کی تبلیغ اور اشاعت و ترویج میں صوفیا نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، صوفیا کرام نے اپنے کردار و عمل سے لوگوں کی زندگی میں انقلاب برپا کیا اور غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب کیا۔ برصغیر وپا ک وہند میں دین اسلام کی اشاعت اور ترویج میں حضرت علی ہجویریؒ کا کلیدی کردار ہے۔ اولیائے پاک ہند میں آپ کا شمار ریئس اولیاء والصوفیا میں ہوتا ہے۔ حضرت داتا علی ہجویریؒ نے اپنی پوری زندگی میں علوم و معارف اور حکمت و دانائی کے خزینے خلق خدا میں تقسیم کیے۔ کشف المہجوب جیسا بے مثل خزینہ جسے بجا طور پر تصوف کا دستور العمل کہا جا سکتا ہے۔ اس سے آج اہل علم فیض پا رہے ہیں۔

حضرت داتا علی ہجویریؒ نے اپنی تعلیمات اور علمی فیضان سے اس دور میں فکری و اصلاحی او ر اخلاقی انقلاب برپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا علی ہجویریؒ کے وصال کو ایک ہزار سال ہونے کو ہیں، مگر آج تک آپ کا فیض ہر کسی کو یکساں مل رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top