ہمارے مسائل کی اصل جڑ جہالت ہے: مظہر محمود علوی
25 ہزار مراکز علم کا قیام عمل میں لانے کی جد وجہد جاری ہے: نائب ناظم اعلٰی
ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن کے مطابق معاشرے کو جہالت سے پاک کریں گے: اجلاس سے خطاب
لاہور(24 اگست 2024) نائب ناظم اعلٰی تحریک منہاج القرآن سندھ مظہر محمود علوی نے کہا کہ معاشرے کے تمام مسائل کی وجہ اور سبب جہالت ہے اور ان تمام مسائل کا حل صرف علم و مراکز علم کے قیام ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوموں کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ جہالت ہے۔ ہمارے ہاں بدقسمتی سے صرف نہ خواندگی کو جہالت سمجھ لیا گیا ہے جہالت ناخواندگی نہیں گمراہی ہے اصل راہ سے بھٹک کر غلط راہ پر چلنا اور پھر خود کو درست اور دوسروں کو غلط سمجھنا ہی اصل جہالت ہے۔
بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے وژن کے عین مطابق معاشرے کو جہالت سے پاک کرنے اور معاشرے کو تربیت و شعور دینے کے لیے 25ہزار مراکز علم کا قیام عمل میں لانے کی جد وجہد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈہرکی، گھوٹکی، میر پور ماتھیلو، سکھر، رانی پور، سلطان کوٹ، جیکب آباد، میرو خان، لاڑکانہ، شہداد کوٹ، مہڑ، دادو، بھان سید آباد، سیہون شریف، تھانہ بولا خان، جام شورو سٹی، حیدراباد، نواب شاہ، شہداد پور، ٹنڈو آدم، مورو، ماتلی، ٹنڈو محمد خان، ڈگری، چھاچھرو ا، سلام کوٹ، نگر پارکر و دیگر علاقوں کے عہدیداران و ذمہ داران کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ سعید رضا بغدادی، علامہ محمود مسعود قادری، علامہ انجینئر محمد سرفراز قادری، علامہ حسن محمود جماعتی، اور علامہ احمد وحید قادری و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مظہر محمود علوی نے نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر حافظ محمد سعید رضا بغدادی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح نظامت ای پی ڈی محنت و جانفشانی کے ساتھ مراکز علم پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے ان شاءاللہ مراکز علم پراجیکٹ نا صرف کامیاب ہو گا بلکہ جلد ہی اپنے مطلوبہ اہداف بھی حاصل کرے گا۔ مظہر محمود علوی نے مزید کہاکہ ان شاء اللہ سندھ میں ایک سال میں 1000 سے زائد مراکز علم کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
ڈائریکٹر نظامت ای پی ڈی حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے مراکز علم کے نفاذ کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے ضلعی و تحصیلی صدور، ناظمین و نائب ناظمین کی مراکز علم کے حوالے سے ذمہ داریاں بیان کیں، انہوں نے عہدیداران کو دئیے گئے اہداف اور اہداف کے حصول کا طریقہ کار بھی سمجھایا۔
تبصرہ