حضور نبی اکرم ﷺ پوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
ساؤتھ کوریا میں اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
ترکی، چین، ملائیشیا، تائیوان، یمن، لیبیا، انڈونیشیا سمیت 15 ممالک کے وفود کی شرکت
ساوتھ کوریا میں ایران کے سفیرسعید کوزچی نے منہاج القرآن کی بین الاقوامی خدمات کو
سراہا
لاہور(26 اگست 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ساؤتھ کوریا کنٹیکس ہال میں اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر انسانیت ہیں۔ آپ ﷺ دنیا بھر کے انسانوں کے لئے رول ماڈل ہیں۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو آئین سازی، مساوات انسانی، عدل و انصاف، خواتین کے عزت و احترام، انسانوں کے حقوق و فرائض، قانون کی حکمرانی، بین الاقوامی معاہدات کی پاسداری، انسانی جان کی حفاظت و حرمت، امن عامہ اور متوازن سوسائٹی کی تعمیر و تشکیل کے راہ نما اصول دئیے۔ بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا نے کیا۔
کانفرنس میں پاکستان، کوریا، چین، تائیوان، ازبکستان، سری لنکا، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، یمن، ایران، بنگلہ دیش، لیبیا، لبنان سے وفود اور مختلف مذہبی تحاریک کے نمائندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس میں ساؤتھ کوریا میں ایران کے سفیر سعید کوزچی نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں ساؤتھ کوریا کی معروف یونیورسٹیز کے بین المذاہب تقابل کے محققین نے بھی شرکت کی۔ شرکائے کانفرنس نے آپ ﷺ کی انسانیت دوست تعلیمات کے موضوع پر کانفرنس منعقد کرنے پر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو اکٹھا کرنے پر شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کی کاوشوں کو سراہا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اُمت کے پاس حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدس ایک حسین نمونہ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان امن اور محبت کا داعی ہے کیونکہ وہ اپنی آخرت کی اچھی زندگی کے لئے اس دنیا میں اچھے اعمال بجا لاتا ہے۔ آخرت کی زندگی سنوارنے کے لئے کسی کی حق تلفی نہیں کرتا۔ رزق حلال کے ذرائع اختیار کرتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنی آئندہ نسلوں کے ایمان و کردار اور انہیں اچھا انسان بنانے کے لئے تعلیم دیتا ہے۔ یہی اجزاء ایک پرامن اور خوشحال سوسائٹی کے خدوخال نکھارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اور انسانیت کی فلاح کے لئے آپ ﷺ کے عملی اقدامات دنیا بھر کے مسلمانوں اور انسانوں کے لئے اتحاد و اتفاق کا مضبوط جواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے اتحاد اور جماعت کے ساتھ جڑنے کی دعوت دی اور فرمایا جماعت کے ساتھ جڑنے والے جنت کے راستے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اتحاد اُمت کی بین الاقوامی داعی تحریک ہے۔
کانفرنس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، حماد مصطفی المدنی القادری، مسز صفہ حماد قادری، شیخ احمد مصطفی العربی نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین علی یوسفی، میاں علی عمران، ڈاکٹر منصور میاں، شہزاد علی بھٹی، محمد جمیل چودھری، شفیق خان، عبدالرزاق بھٹی، فیصل نقیب، محمد عظیم مرزا، عتیق الرحمن، خالد حمید بٹ، عقیل مجاہد اعوان، حمزہ خان جدون نے کانفرنس میں شرکت کی۔
تبصرہ