منہاج القرآن کی طرف سے عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع

مورخہ: 28 اگست 2024ء

مصر،ایران،قطر،کویت،بحرین سے علمائے کرام خصوصی شرکت کریں گے: جواد حامد
حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی میں مسلسل 12روزہ ضیافت میلاد ہو گی: نائب ناظم اعلیٰ

International Milad un Nabi Conference 2024 hosted by Minhaj ul Quran International

لاہور (28 اگست 2024) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس 2024 جواد حامد نے کہا کہ 41سالوں سے مینار پاکستان پر عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔ منہاج القرآن کی طرف سے 41 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ مصر،ایران،قطر،کویت،بحرین سے علمائے کرام خصوصی شرکت کریں گے۔

حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی میں مسلسل 12روزہ ضیافت میلاد ہو گی۔ خاتم النبین حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس منعقد کرتی چلی آرہی ہے۔ اس سال بھی ان شا اللہ تعالیٰ حضور سرور کونین ﷺ کے میلاد پاک کے موقع پر عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس منعقد ہو گی۔ 41ویں عالمی میلاد کانفرنس کی میزبانی تحریک منہاج القرآن لاہور کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جواد حامد نے کہاکہ 41ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ لاہور سمیت ملک بھر میں ماہ ربیع الاول کے استقبال کیلئے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ جواد حامد نے مزید کہا کہ منہاج القرآن کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے مینار پاکستان کے سبزہ زار کی ہمیشہ حفاظت کی اور صفائی کا خاص خیال رکھا ہے۔ لاکھوں کے اجتماع کے باوجود مینار پاکستان کے سبزہ زار کے قدرتی حسن کو نقصان نہیں پہنچنے دیا۔ اس بات کی گواہی مینار پاکستان کی انتظامیہ بھی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ امسال بھی تمام حفاظتی ایس او پیز کے ساتھ 41ویں عالمی میلاد کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کارکن عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دیں۔ لاہورکے ہر فرد کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دی جائے گی۔ اجلاس میں رانا وحید شہزاد، شیخ فرحان عزیز، شہزاد رسول، سعید احمد،عابد بشیر، میاں زاہد جاوید و دیگر موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top