شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کاجاپان میں تاریخی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جاپان (گنما) میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ منصب نبوت پر فائز ہونے سے قبل صادق و امین کی شہرت رکھتے تھے۔ آپﷺ کی امانت و صداقت کے اپنے اور پرائے سبھی معترف تھے۔ دیانت داری اور جہد مسلسل سے کامیابی ملتی ہے۔ آپ ﷺ پوری انسانیت کیلئے رول ماڈل ہیں۔ آپﷺ نے قتل و غارت میں گھرے ہوئے عرب معاشرے کو اخلاقیات کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ کی تعلیم و تربیت کے فیضان سے ایک دوسرے کی ناحق جان لینے والے جانیں بچانے والے بن گئے۔ سیرت طیبہ ﷺ پر عمل دونوں جہانوں کی کامیابی کی کنجی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اسلامی بود و باش اختیار کریں اپنا وقت علم و ہنر سیکھنے میں صرف کریں تمام تر مصروفیات کے باوجود مطالعہ کو عادت بنائیں، جملہ دینی فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں۔ آپ کے چہرے اور آپ کے اعمال مصطفوی سیرت کا پرتو ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنی زبان اور ظاہر و باطن کو اجلا کریں جب سوچ صاف اور پاکیزہ ہوتی ہے تو آنکھیں روشن اورچہرہ پر نور ہو جاتا ہے۔ بالخصوص نوجوان پاکیزگی کی راہ اختیار کریں اور ہمیشہ نیک عمل کریں۔ تنہائی سے نکل کر جماعت کا رنگ اختیار کریں۔ اپنے ہر معاملے اور فیصلے میں مشاورت کریں۔ مشاورت حضور نبی اکرمﷺ کی سنت مبارکہ ہے۔ جو مانگنا ہے اللہ سے مانگیں جو آپ سے مانگتا ہے اس کا اللہ پر یقین کمزور ہے۔ جو خود اللہ سے نہیں مانگ سکتا وہ آپ کو اللہ سے کیا ملوائے گا۔ اللہ والوں کی صحبت میں رہیں، نیک صحبت انسان کو سنوار دیتی ہے۔ نماز پنجگانہ کی پابندی اللہ سے ملاتی ہے۔
کانفرنس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، محترمہ صفہ حماد قادری، شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری بھی شریک ہوئے۔
سیرت النبیﷺ کانفرنس میں جاپان کے دور دراز شہروں میں آباد پاکستانی شہریوں سمیت دیگر مسلمان ممالک کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر ملک ممتاز نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ سیرت النبیﷺ کانفرنس کا ایمان افروز خطاب ہمارے لئے ریفریشر کورس ثابت ہوا ہے ہم مدتوں اس پر تاثیر خطاب کی حلاوت کو محسوس کرتے رہیں گے اور کوشش کرتے رہیں گے کہ اپنی زندگیوں کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق بسر کریں۔ شیخ الاسلام نے کامیاب اور فقید المثال سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن جاپان کی تنظیم کو مبارکباد دی اور نصیحت کی کہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ سیرت النبی ﷺ کی محافل منعقد کریں اور سیرت پاک کے تذکرے کریں۔
کانفرنس میں آمد پر شرکاء نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شیخ الاسلام کا والہانہ استقبال کیا۔ کانفرنس ہال خیر مقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا۔ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جاپان میں منعقد ہونے والی تاریخی سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں میاں علی عمران، ملک ممتاز، رانا نفیس حسین قادری، معاذ اعجاز، ڈاکٹر عبد الرحمن صدیقی، پروفیسر سلیم الرحمان، عبد القدوس بھٹی، مہر محمد اکرم، ڈاکٹر منصور میاں، محمد عظیم مرزا نے خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ