شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی ربیع الاول کے مبارک مہینے کے آغاز پر مسلم امہ کو مبارکباد
ماہ ربیع الاول کا آغاز: منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چراغاں کر دیا گیا
حضور نبی اکرم ﷺ کی مداح سرائی کی محافل و ضیافتِ میلاد کا آغاز بھی کر دیا گیا
لاہور (4ستمبر2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے ماہ ربیع الاول کے آغاز پر مسلم امہ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میلاد النبی ﷺکے مبارک مہینہ کا آغاز پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی اور مسرت کا احساس لے کر آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور وابستگان پوری دنیا میں محافل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کر کے دنیا کو امن، سلامتی اور احترام انسانیت کا پیغام دیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کائنات میں کوئی خوشی نہیں۔
ماہِ ربیع الاول کا آغاز ہوتے ہی منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چراغاں کر دیا گیا اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ گوشہ درود، جامع شیخ الاسلام، نظام المدارس پاکستان و متصل عمارات اور گلیوں کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا۔ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر بھی خصوصی چراغاں کیا گیا ہے۔ نورِ مجسم، رحمتِ دو عالم حضور نبی اکرم ﷺ کی آمد کے جشن کے ساتھ ہی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ اور ملحقہ عمارتوں اور گلیوں میں مختلف رنگوں کی روشنی نے سماں باندھ دیا ہے۔ فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ و گوشہ درود میں حضور نبی اکرم ﷺ کی مداح سرائی کی محافل و ضیافتِ میلاد کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ سکالرز نبی پاک ﷺ کی عظمت و شان بیان کر رہے ہیں۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے امت مسلمہ کو ربیع الاول کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعثتِ محمدی ﷺ پر خوشیاں منانے کا حکم اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن حضور نبی اکرم ﷺ سے اظہارِ محبت و مودت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔
تبصرہ