منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کانفرنس
بعثت محمدی ﷺ کی خوشی منانے کا حکم اللہ نے قرآن مجید میں دیا، مفتی امداد اللہ قادری
کانفرنس سے مفتی غلام اصغر صدیقی، ڈاکٹر میر آصف اکبر، علامہ خلیل حنفی و دیگر کا خطاب
لاہور(5 ستمبر 2024ء) منہاج القرآن علماء کونسل لاہور کے زیراہتمام مرکزی امیر علماء کونسل مفتی امداد اللہ قادری کی زیرصدارت استقبال ربیع الاول کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی منانا آپ ﷺ کے ساتھ محبت و مودت کا اظہار ہے۔ آپ ﷺ محسن انسانیت ہیں، ایمان والے ربیع الاول کے ہر دن کو ایمانی جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں اور عالمی میلاد کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں یہ کانفرنس مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں 16 ستمبر کی رات کومنعقد ہورہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔
نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علماء کونسل ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ بعثت محمد ﷺ کی خوشیاں منانے کا حکم اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر نعمت کے ملنے پر خوشی منانے اور شکر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ اس کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔
ناظم لاہور علامہ محمد خلیل حنفی نے کہا کہ مینار پاکستان پر 41ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں زور و شور کے ساتھ شروع ہو چکی ہیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ لاہور سے ایک لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔ علماء کونسل کی طرف سے ماہ ربیع الاولمیں 5 سو پانچ مقامات پر محافل میلادالنبی ﷺ کے پروگرام ہوں گے جس میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی۔ منہاج علماء کونسل کی طرف سے 5 سو سے زائد مدارس دینیہ کے طلباء اور اساتذہ کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
تقریب میں مفتی محمد رفیق قادری رندھاوا، علامہ فیصل چشتی، علامہ محمد یونس سعیدی، علامہ حکیم محمد جمیل، علامہ شرافت علی قادری، علامہ قاضی افتخار احمد قادری، علامہ محمد عامر چشتی، صاحبزادہ پیر ضیاء لطیف نوشاہی، علامہ محمد احمد چشتی، علامہ عبدالرشید، علامہ محمد سلیم ہمدمی، علامہ یوسف القادری، پیر محمد عنایت الرحمن، علامہ قاری منیر قادری، علامہ فاروق احمد، علامہ سیف علی سیالوی، علامہ اللہ دتہ سمیت لاہور کی تمام زونل، ضلعی، پی پی اور یوسی صدور و ناظمین نے شرکت کی۔
تبصرہ